نشے میں گاڑی چلانے پر 5تا 10ہزار کا جرمانہ
ریاض.... سعودی محکمہ ٹریفک نے 14خلاف ورزیوں پر 3ہزار تا 6ہزار ریال اور 5خلاف ورزیوں پر 5ہزار سے 10ہزار ریال تک کے جرمانے وصول کرنا شروع کردیئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ریڈ سگنل توڑنے ، طلباءو طالبات کو اتارتے یا سوار کرتے وقت اسکول بس کو اوور ٹیک کرنے،سڑکوں کے نشانات یا روشن علامتیں خراب کرنے، چیک پوسٹ یا سیکیورٹی سینٹرز پر نہ رکنے یا روڈ سیکیورٹی گشتی دستے کی ہدایت کو نظرانداز کرنے ،گاڑی میں ممنوعہ آلات استعمال کرنے یا سماجی آداب کے منافی پوسٹر یا نعرے چسپاں کرنے ، مخالف سمت میں گاڑی چلانے ، سڑکوں پر زک زیگ انداز میں چلنے ، سڑکوں پر گاڑیوں میں ریس لگانے یا اجازت کے بغیر سرکاری کاررواں میں شامل ہونے،ٹرکوں اور ٹرالر ز کے دائیں جانب نہ چلنے ، جانوروں کے مالکان کا جانوروں کو سڑک سے دور نہ رکھنے، سرکاری اور ایمرجنسی گاڑیوں کیلئے مخصوص آلات نصب کرنے ، ضروری احتیاطی تدابیر کے بغیر سڑکوں پر سامان والی گاڑیاں چلانے ، عقبی نمبر پلیٹ یا بغیر نمبر پلیٹ کے گاڑی ڈرائیو کرنے ، نمبر پلیٹس مٹانے پر3تا 6ہزار ریال جرمانہ لیا جائیگا۔ علاوہ ازیں آخری 4خلاف ورزیوں پر گاڑی بھی تحویل میں لے لی جائیگی۔ خلاف ورزی کی اصلاح پر گاڑی واپس کی جائیگی۔ محکمہ ٹریفک نے نشہ آور اشیاءکے استعمال یا شراب یا ممنوعہ مسکن گولیاں استعمال کرکے گاڑی ڈرائیو کرنے ، متعلقہ ادارے سے ربط و ضبط پیدا کئے بغیر سڑک کی اصلاح و مرمت ، جانوروں کے مالکان کو غیر مختص مقامات سے جانور لیجانے کی اجازت دینا، کسی اور گاڑی کی نمبر پلیٹ لگانا، گاڑی کے انجن اور چیسس کے نمبر مٹانا یا اسکی کوشش کرنا ایسی خلاف ورزیاں ہیں جن پر 5تا 10ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔ آخری 2خلا ف ورزیوں پر گاڑی تحویل میں لے لی جائیگی اور اصلاح حال کے بعد واپس ہوگی۔ محکمہ ٹریفک نے انتہائی رفتار 80والے مقامات پر 10تا 20کلو میٹر فی گھنٹہ زیادہ رفتار سے چلنے پر کم از کم 150اور زیادہ سے زیادہ 300 ریال، 20کلو میٹر سے 30کلو میٹر تک زیادہ رفتار سے چلنے پر 300تا 500، 30تا40 کلو میٹر سے زیادہ رفتار سے گاڑی چلانے پر 800تا ایک ہزار ریال اور 40تا 50کلو میٹر فی گھنٹہ زیادہ چلنے پر 1200تا 1500ریال او ر50کلو میٹر سے زیادہ رفتار سے چلنے پر 1500تا 2ہزار ریال تک کا جرمانہ وصول کرنے کا انتباہ دیا ہے۔ محکمہ ٹریفک نے توجہ دلائی ہے کہ اگر 140کلو میٹر فی گھنٹہ انتہائی رفتار والے مقامات سے فی گھنٹہ 5تا 10کلو میٹر زیادہ رفتار سے گاڑی چلائی تو کم از کم 300اور زیادہ سے زیادہ 500ریال جبکہ10کلو میٹر سے 20کلو میٹر زیادہ چلانے پر 800تا ایک ہزار اور 20کلو میٹر سے 30کلو میٹر زیادہ چلانے پر 1200تا 1500ریال اور 30کلو میٹر سے زیادہ فی گھنٹہ چلانے پر 1500تا 2ہزار ریال جرمانہ لیا جائیگا۔