ایران کا بیلسٹک میزائل تجربہ، یو این قرار داد کی خلاف ورزی
واشنگٹن ...امر یکہ نے ایران کی جانب سے درمیانہ فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کے تجربے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایران کے جوہری پروگرام پر بین الاقوامی سمجھوتے کی خلاف ورزی ہے۔ یہ میزائل جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ سے جاری ہونیوالے ایک بیان میں کہاگہاکہ ایران میزائل کے تجربے اور جوہری ہتھیاروں کے پھیلاﺅ کے راستے پر گامزن ہے، وہ ایسی سرگرمیوں سے باز رہے۔بیان میں کہاگیاکہ ایرانی حکومت نے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے، جو کئی جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔دریں اثناءامریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ بیلسٹک میزائل تجربہ اقوام متحدہ کی قرارداد کی خلاف ورزی ہے۔جس میں ایران کے میزائل اور جوہری پروگرام سے متعلق پابندیاں لگائی گئیں ہیں۔