ایڈیلیڈ ٹیسٹ : چتیشواڑنے ہند کو تباہی سے بچا لیا
ایڈیلیڈ: ہندوستانی بیٹسمین چتیشواڑ پجارا کی شاندار سنچری نے آسٹریلیا کے خلاف سیریزمیں ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے پہلے دن ہند کو مکمل تباہی سے بچا لیا اور مہمان ٹیم کھیل کے اختتام تک 9وکٹوں کے نقصان پر250رنز بنانے میں کامیاب ہو گئی ۔ چتیشواڑ پجارانے 86رنز پر آدھی ٹیم آوٹ ہو جانے کے باوجود آسٹریلوی بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور 123رنز بنائے ۔پجارا کھیل کے آخری مراحل میں ایک تیز رن اور اسٹرائیک لینے کی کوشش میں رن آوٹ ہو گئے جس کے ساتھ ہی تقریباً2اوور پہلے کھیل بھی ختم کردیا گیا ۔ محمد شامی 6رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں جبکہ آخری بیٹسمین آج ان کے ساتھ بیٹنگ کا دوبارہ آغاز کرے گا۔آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک، پیٹ کمنز، جوش ہیزل ووڈ اور ناتھن لیون نے2،2وکٹیں لیں۔بارڈر گواسکر ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں ہندوستانی کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن اس فیصلے کو بیٹسمین درست ثابت کرنے میں ناکام رہے ۔3رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد 41رنز پر کپتان سمیت4کھلاڑی واپس لوٹ چکے تھے ۔ اوپنر لوکیش راہول کی صورت میںپہلی وکٹ گرنے کے بعد بیٹنگ کے لئے آنے والے چتیشواڑ پجارا نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا تاہم دوسری جانب سے دوسرے اوپنر مرلی وجے کے بعد ویرات کوہلی اور اجنکیا رہانے با لترتیب 2،11،3اور13رنز بنا کر آوٹ ہو گئے ۔ روہت شرما37 ، رشبھ پنت25 اور روی چندرن ایشون نے 25 رنز بناتے ہوئے کچھ دیر پجارا کا ساتھ دیا اور اسکور کو 189رنز تک پہنچایا ۔ اس دوران پجارا نے سنچری مکمل کرلی ۔ایشانت شرما آوٹ ہونے والے 8ویں بیٹسمین تھے اور انہوں نے4رنز اسکور کئے ۔ محمد شامی کھیلنے آئے تو یوں لگ رہا تھا کہ دونوں پہلے دن کے کھیل کا اختتام کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے لیکن شامی کو بولرز کا سامنا کرنے سے بچانے کی کوشش میں پجارا اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ اس وقت مجموعی اسکور250رنز تک پہنچ چکا تھا۔ چتیشواڑنے246گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 2چھکوں اور7چوکوں کی مدد سے123رنز بنائے اور ٹیم بڑی خفت سے بھی بچا لیا۔ پجارا کے رن آوٹ ہوتے ہی امپائرز نے کھیل کے خاتمے کا اعلان کردیا۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں