Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شارجہ: 52 منزلہ رہائشی ٹاور میں آتشزدگی، 5 ہلاک 19 زخمی

متعلقہ اداروں کی ٹیمیں آگ لگنے کی وجوہات معلوم کررہی ہیں۔ (فوٹو شارجہ پولیس)
شارجہ کے 52 منزلہ رہائشی کمپاؤنڈ کے ایک ٹاور میں آتشزدگی سے 5 افراد ہلاک اور 19 زخمی ہوگئے۔  بلند و بالا رہائشی ٹاورز میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 1500 سے زائد افراد رہائش پذیر تھے۔
الامارات الیوم کے مطابق آتشزدگی اتوار کی صبح ایک ٹاور کی بالائی منزل میں لگی جس کی اطلاع ملتے ہی شہری دفاع کی ٹیمیں وہاں پہنچ گئیں۔
شہری دفاع کی ٹیموں کے ساتھ پولیس اور رضا کار فورس کے اہلکار بھی وہاں پہنچ گئے جنہوں نے ٹاور سے لوگوں کو باہر نکالا جبکہ ٹریفک پولیس نے علاقے کی شاہراہ پر ٹریفک کو دوسری جانب منتقل کرایا تاکہ آگ بجھانے اور امدادی گاڑیوں کی آمدورفت میں آسانی ہو۔
ادارہ امن عامہ کے ڈائریکٹر کرنل ڈاکٹر احمد الناعور نے آتشزدگی سے ہونے والی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا اور زخمی ہونے والوں کے لیے جلد صحتیابی کی دعا کی۔
کرنل الناعور کا مزید کہنا تھا کہ شہری دفاع اور دیگر متعلقہ اداروں کی ٹیمیں آگ لگنے کی وجوہات معلوم کررہی ہیں جبکہ سروے ٹیمیں بھی اس سلسلے میں مصروفِ عمل ہیں۔
 

 

شیئر: