نیویارک۔۔۔مہاجرین کے بین الاقوامی ادارے کا کہنا ہے کہ لاکھوں افغان مہاجرین ایران سے واپس لوٹ چکے ہیں۔ بے گھر افغان شہریوں کو ایران کی مشکل معاشی صورتحال کا سامنا تھا۔ اقوام متحدہ کے پناگزینوں کے امور سے متعلق ادارے نے بتایا کہ رواں برس یکم دسمبر تک7 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین ایران سے واپس جا چکے ہیں ۔ افغان شہریوں کی اپنے وطن واپسی کی بنیادی وجہ ایران کی اقتصادی مشکلات ہیں۔انٹرنیشنل آرگنائزیشن برائے مہاجرین نے واضح کیا کہ پہلی دسمبر تک پاکستان اور ایران سے واپس جانے والے افغان مہاجرین کی تعداد 7 لاکھ52 ہزار 325 ہے۔ ان میں صرف ایران سے 7 لاکھ21 ہزار 633افغان مہاجرین نے واپسی اختیار کی۔ اس طرح پاکستان سے واپس جانے والے افغان مہاجرین چند ہزار ہیں۔ بین الاقوامی ادارے کے مطابق یہ افغان مہاجرین وہ ہیںجنہوں نے خود کو رجسٹر نہیں کروایا تھا۔ اس ادارے نے ایران سے افغان مہاجرین کی واپسی کی وجہ ملکی اقتصادی عدم استحکام کے ساتھ ساتھ سیاسی بے چینی کو بھی قرار دیا۔دوسری جانب ایرانی میڈیا کے مطابق افغان مہاجرین کی بڑی تعداد ترکی میں داخل ہونے کی کوشش میں ہے۔مہاجرین کے بین الاقوامی ادارے کے مطابق ایران میںمعاشی حالات کے بعد افغان مہاجرین کیلئے اب بہت مشکل ہو گیا تھا کہ وہ جو کمائی کریں اس میں سے کچھ رقم بچا سکیں۔مہاجرین کے ادارے نے یہ بھی بتایا کہ ایران کی کمزور ہوتی معیشت کی وجہ سے لیبر مارکیٹ میں افغان مہاجرین کو روزگار ملنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہو رہا تھا۔