Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رسول اللہ ﷺ نے سارا جہاں بدل دیا

***سید اسعد گیلانی۔ لاہور***
دنیا کے انقلابات کی تاریخ پر نظر ڈالی جائے اور پھر حضور اکرم کے برپاکردہ انقلاب کو دیکھا جائے تو منصف مزاج انسان یہ تسلیم کیے بغیر نہیں رہ سکتا کہ جسقدر جامع، کلّی، ہمہ گیر اور ظاہر و باطن میں غالب و نافذ حضور  کا نافذ کردہ انقلاب ہے اسکے مقابلے میں دوسرے انقلابات قطعاً نامکمل اور ادھورے ہیں۔ دوسرے انقلابات تو بس زیادہ سے زیادہ عارضی طور پر ایک گروہ کے ہاتھ سے دوسرے گروہ کے ہاتھ میں انتقالِ اقتدار کے عمل کا نام ہے۔
اگر کوئی انسان23سال پہلے عرب سے باہر چلا گیا ہوتا اور23سال بعد یکایک وہ مکہ، مدینہ اور ان علاقوں میں لوٹتا جہاں حضو ر  نے انقلاب برپا فرما دیا تھا، تو اسے اپنی آنکھوں پر اعتماد کرنا مشکل ہوجاتا۔ اس کیلئے یہ باور کرنا دشوار ہوجاتا کہ وہ اسی علاقے اور انہی لوگوں کے درمیان واپس آیا ہے جنہیں چھوڑ کر وہ گیا تھا۔ اس مختصر عرصے میں جو زبردست تبدیلی فرد فرد کے اخلاق، اعمال ، گفتار، رفتار ، کردار اور معاملات میں آگئی تھی، اسے صرف معجزاتی قلبِ ماہیت ہی کہا جاسکتا ہے۔ عورتیں، مرد، بوڑھے، بچے، گلیاں، بازار، مجالس اور کاروبار ہرچیز ہی یکسر تبدیل ہوگئی تھی۔ ان کے لہجے، ان کے معمولات، ان کی دلچسپیاں، ان کے ذوق و شوق اور مصروفیات سبھی کچھ بدل گیا تھا، مسجد کے نام سے ایک نیا ادارہ وجود میں آگیا تھا جو ہرمحلے اور ہربستی میں موجود تھا جس میں لوگ علمِ دین حاصل کرتے تھے۔ اللہ اور رسول کی تعلیمات کے چرچے، قر أتِ قرآن کی مجالس، علمی مشاغل کے مباحثے، جنگ و جدل کے بجاے جہاد فی سبیل اللہ کی باتیں ، گپ بازی کے بجائے اوراد و وظائف، تضیعِ اوقات کے بجاے5 وقت کی نمازیں اور ان کے ساتھ وضو اور پاکیزہ مجالس کا اہتمام، جمعہ کو ہفتہ وار اجتماعات اور ملکی اور ملّی مسائل پر کھلے مباحثے۔ ناپ تول میں عدل، اوزان میں انصاف، باہمی انسانوں میں برابری اور مساوات، نہ نسل کا فخر اور نہ قبیلے کا زعم، نہ زبان کی برتری کے دعوے اور نہ رنگ کی سفیدی کا غرور۔ سارے انسان اللہ تعالیٰ کی مخلوق، ساری خدائی خدا کا قبیلہ، سارے انسان معبودِ برحق کے بندے اور ان سب کا تنہا وہی ایک معبود جس کے سوا دوسرا کوئی معبود نہیں ۔
غلط بیانی اور جھوٹ کے بجائے ہر طرف صداقت شعاری کا سکہ رواں، وعدے کی پابندی، لین دین کا کھراپن، خدا ترسی اور اللہ تعالیٰ سے خوف کی کیفیت۔نہ فحش باتیں اور نہ فحش کاری کے اڈے، نہ بے پردگی اور نہ بے حیائی، نہ مجالس میں بیہودہ گوئی اور نہ ایران و توران کی بے ہودہ داستانیں اور یاوہ گوئیاں، نہ باپ دادا پر فخر کے قصے اور نہ اپنی بڑائی کی ڈینگیں۔ سب سے بڑا نام صرف اللہ کا اور اس کے رسولکے طریقے کی پیروی کا اہتمام ہی سب سے اعلیٰ طرزِعمل قرار پایا۔
ہر طرف نظم و ضبط کا اہتمام، عدالتیں موجود لیکن جرائم نابود اور اگر کسی سے کوئی خطا ہوجائے تو متعلقہ فریق سے معافی حاصل کرنے میں سبقت یا عدالت کے سامنے خود اعترافِ خطا۔ عدالتیں سب کیلئے مساوی، خلیفہ سے لے کر عام انسان تک سب برابر، کسی کے درمیان کوئی امتیاز موجود نہیں۔
دکاندار خوفِ باری تعالیٰ سے لرزاں و ترساں، ناجائز نفع اندوزی کا تصور بھی غائب، ناقص مال دینے کا سوال ہی نہیں۔ اگر کسی شے کا نقص گاہک سے پوشیدہ رہ گیا تو اس کے گھر تک پہنچ کر نقص کی وضاحت اور اس کی نسبت سے قیمت میں کمی یا مال کی واپسی۔ بزرگوں میں شفقت اور تعلیم و تربیت کا جذبہ، چھوٹوں میں ادب و احترام اور نصیحت حاصل کرنے کا احساس۔ آجر مزدورسے زیادہ حسّاس کہ اس کا حق اس کے ذمے رہنے نہ پائے اور اجیر آجر سے زیادہ حسّاس کہ اْجرت کے مطابق کام سرانجام پائے۔ سپاہی جہادفی سبیل اللہ کے جذبے سے سرشار اور اس کیلئے دین کی سربلندی کیلئے اللہ تعالیٰ کی راہ میں لڑنا دنیا و مافیہا کی نعمتوں سے بہتر۔ ہمسا ئے میں یہ احساس زندہ و بیدار کہ اس کا ہمسایہ بھوکا نہ سونے پائے اور اس کی وجہ سے اسے کوئی تکلیف نہ پہنچے۔ غرض فرد فرد سر سے پاتک اور ظاہرسے باطن تک اس طرح بدل گیا کہ جیسے پہلے انسانوں کی آبادی وہاں سے منتقل کرکے کوئی دوسری انسانی آبادی وہاں لاکر بسادی گئی ہو۔ ہرانسان احساسِ ذمہ داری، اللہ تعالیٰ کے سامنے جواب دہی ، حق شناسی اور ادائیگیٔ فرض سے سرشار اور پورا معاشرہ اسی کیفیت سے معمور۔پوری جماعت اس اصول پر عمل پیرا کہ:
’’تم بہترین امت ہو جو لوگوں کیلئے ہی پیدا کی گئی ہے کہ تم نیک باتوں کا حکم کرتے ہو اور بری باتوں سے روکتے ہو، اور اللہ تعالیٰ پر ایمان رکھتے ہو۔‘‘(آل عمران110)۔
اور جماعت کا فرد فرد {اُدْخْلُوْا فِی السِّلْمِ کَآفَّۃً }(البقرہ208)کی تصویر، اپنی زندگی کے گوشے گوشے کا نگراں کہ وہ دین سے باہر رہنے نہ پائے۔  
شراب کا حکم نازل ہوا تو چند گھنٹے کے اندر پوری مملکت میں ظاہروباطن نافذ اور ساری سلطنت شراب سے ایسی پاک ہوجائے کہ پھر وفادار مسلمان کیلئے شراب کا تصور بھی نہ کیا جاسکے۔پردے کا حکم نازل ہو تو چند گھنٹے کے اندر اندر ہر ہربالغ عورت مستور ہوجائے۔   رسول اللہ کی آواز سے بلند تر آواز کرنے کے نتیجے میں اعمال ضائع ہونے کا خطرہ یاد دلایا جائے تو بڑے بڑے بلندآواز صحابہ کرامؓ سرگوشیوں میں باتیں کرنے لگے اور جن کی فطری آواز بلند ہو وہ روئیں کہ ہمار ے اعمال ضائع نہ ہوگئے ہوں۔ خلافت کیلئے جوڑتوڑ اور سازش تو دور کی بات ہے سیدنا ابوبکر صدیق کو خلیفہ بنا ڈالا گیا تو وہ روتے تھے کہ کاش اس ذمہ داری کے مقابلے میں مَیں پرندہ ہوتا کہ آخرت میں اْمتِ محمدی ؐ  کی جواب دہی مجھ پر نہ ہوتی۔ میں گھاس کا تنکاہوتا کہ تنور میں جلایا جاتا اور اللہ کے ہاں بازپْرس سے بچ جاتا۔ خلیفہ کو پانی طلب کرنے پر کسی نے شہد پیش کردیا تو اس بات پر روپڑے کہ کہیں دنیا مجھ سے نہ لپٹ جائے۔ امیرالمومنینؓ  کو نفس کی بڑائی کا ڈر ہوا تو منبر پر چڑھ گئے اور کہا:
’’عمر وہی تو ہے جو اپنی خالہ کی بکریاں مکہ کی وادی میں چرایا کرتا تھا۔‘‘
حضرت علیؓ ڈاڑھی ہاتھ میں لے کر رویا کرتے اور کہتے تھے :
’’اے دنیا!میں تجھے طلاق دے چکا، مجھ سے دور رہ، تیرا آغاز شیریں اور تیرا انجام حسرت و یاس ہے۔‘‘
۰غرض وہ انقلاب جو23سال میں برپا ہوا، جس کیلئے حضور اکرمنے8 سال کی مدت میں27غزوات کیے۔ گویا تقریباً ہر سال میں3 بار جہاد اور جس کیلئے حضو ر نے اتنی سی مدت میں 55جہادی لشکر اپنے ساتھیوں کی سرکردگی میں روانہ کیے۔ جس انقلاب کے دوران حضو ر ہرلمحہ مستعد اور تیار رہے، جس میں مدنی زندگی کی کشمکشِ جہاد میں ہرچند دن کے بعد ایک مہم لازماً درپیش رہی اور یہ 8 سالہ زندگی پوری جنگی کیمپ کی سی زندگی بن کر گزری۔ اخلاق و اعمال و کردار کا، عادات و اطوار کا، ظاہروباطن کا، معمولاتِ زندگی اور پوری انسانی قلبِ ماہیت کا یہ انقلاب ایسی ہی زندگی میں رْونما ہوا جس میں8 سال کے پورے عرصے میں ہر35دن کے بعد کسی نہ کسی دشمن کی طرف سے کوئی نہ کوئی جنگی مہم درپیش ہوتی تھی۔ دن کو جنگی تیاریاں اور لشکروں کی روانگی اور راتوں کو چوکی پہرے اور مشورے ہوتے تھے۔
 ان حالات میں اللہ کی اس زمین پر حضوراکرم نے اللہ تعالیٰ کی خالص تائید اور نصرت سے ہمہ گیر انقلاب برپا کیا۔
انسان سوچتا ہے کہ جس8 سالہ مہماتی زندگی میں تقریباً ہرمہینے میں ایک جنگ درپیش ہوتی ہو اس میں خون خرابے اور تباہی و بربادی کا کیا حال ہوگا، لیکن مؤرخین نے حضور اکرم کے ساتھیوں اور فریق مخالف کے اس جنگی انقلاب کا افرادی نقصان کے لحاظ سے جو نقشہ پیش کیا ہے(اس سے یہ ثابت ہوتا ہے) کہ اس حیرت انگیز اسلامی انقلاب میں کُل انسان جو کام آئے ہیں وہ صرف918 ہیں۔ کون شخص یہ کہہ سکتا ہے کہ اس سے بڑا غیرخونی انقلاب (bloodless revolution)بھی آج تک دنیا میں کبھی کوئی برپا ہوا ہے جس کے ذریعے انسان کا ظاہروباطن ہی بدل جائے، معاشرہ سر سے پا تک تبدیل ہوجائے اور اس کی قدریں تک بدل جائیں۔ نظامِ مملکت اور نظامِ معیشت و سیاست سب کچھ بدل جائیں اور 82جنگوں میں صرف 918 افراد کام آئیں۔ 
اس انقلاب نے انسانی تاریخ پر وہ خوش گوار اثر ڈالا ہے کہ پھر اس کے بعد ہی انسان سمجھ سکا ہے کہ وہ انسان اور اشرف المخلوقات ہے اور زمین پر وہ ایک ذمہ دار مخلوق اور اللہ تعالیٰ کا خلیفہ ہے۔ اسکے بعد ہی انسان کو کائنات کی حقیقت سے آگاہی ہوئی اور اس نے کائنات اور اس کی ماہیت اور اس کے’’ مالہ وما علیہ‘‘ پر غور کرنا اور اسرارِ فطرت کے انکشاف اور علومِ طبعی کے رْموز کی طرف پیش قدمی شروع کی ہے۔ اس انقلاب کے ذریعے حضو ر نے جو نظام قائم فرمایا اس کی برکات صدیاں گزر جانے کے بعد آج بھی انسانی سینوں میں گونجتی ہیں۔ اس کے دئیے ہوئے اخلاق، اس کا عطا کردہ تہذیب و تمدن، اس کی فراہم کردہ اخلاقی قدریں، انسان کیلئے اس کا دیا ہوا نظامِ زندگی فی الحقیقت ہلاکت خیز، ہتھیاروں کی بہتات کے درمیان ابرِحمت کا سایہ ہے۔ یہ نظام لرزاں و ترساں انسانیت کیلئے واحد پناہ گاہ، انسانیت کیلئے فخرومباحات کا واحد ذریعہ، انسان کا زمین پر واحد قیمتی سرمایہ اور شرفِ انسانیت کے ماتھے پر جھومر ہے۔ صرف یہی ایک نظام ہے جو اپنی ساری عملی تفصیلات کے ساتھ اس طرح موجود ہے کہ اسے سرعام پڑے ہوئے خزانے کی طرح ہروقت اْٹھا کر کاروبارِ زندگی میں لگایا جاسکتا ہے۔ وہ ہردم زندہ، پائندہ اور تابندہ تر ہے اور انسانیت کے جدید ترین مسائل آج بھی اسی طرح حل کرسکتا ہے جس طرح اس نے اپنی آمد پر حل کردئیے تھے۔اس انقلاب نے انسان کو زمین پراللہ تعالیٰ کا خلیفہ بنایا اور عمل و کردار میں اسے فرشتہ سیرت بنادیا اور یہ کام صرف 23سال کی مدت میں سرانجام پایا۔ اس انقلاب کو برپا کرنے والی سراپا رحمت ہستی کو اب ہم خاتم النبیین اور رحمۃللعالمین نہ کہیں تو پھر کیا کہیں! 
 

شیئر: