اسکواش لیجنڈ جہانگیرخان کی دعوت پر جیف ہنٹ کا دورہ پاکستان
سڈنی:آسٹریلیا کے شہر ہ آفاق اسکواش کھلاڑی جیف ہنٹ ہے کہاہے کہ سوچا بھی نہیں تھا کہ پاکستانی لیجنڈ جہانگیر خان 10 ٹائٹل جیت لینگے۔جہانگیر خان کی دعوت پر جیف ہنٹ کراچی میں پاکستان اوپن ا سکواش چیمپیئن شپ میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک تھے۔جیف ہنٹ نے ا سکواش کے نئے کھلاڑیوں کو بہت قریب سے دیکھا وہاں وہ جہانگیرخان کی روایتی مہمان نوازی سے بھی لطف اندوز ہوئے۔جیف ہنٹ نے کہاکہ پورے کیریئر میں پاکستانی کھلاڑیوں سے کھیل کر لطف اندوز ہوا کیونکہ ہر کھلاڑی اپنے طور پر منفرد تھا ۔ محب اللہ خان کا کھیل میرے جیسا تھا اس لیے ان کے ساتھ کھیلتے ہوئے مجھے مشکل ہوتی تھی۔ انہوںنے کہاکہ قمرزمان کا گیند پر کنٹرول اور اسٹروکس کھیلنے کا منفرد انداز کسی اور میں نہیں تھا ۔ہدیٰ جہاں طاقتور شاٹس کھیلتے تھے، گوگی علاوالدین ڈراپ شاٹس اور لاب کرنے میں کمال مہارت رکھتے تھے۔ پاکستانی کھلاڑیوں کے علاوہ جونا بیرنگٹن اور کین ہسکو بھی ورلڈ کلاس کھلاڑی تھے۔ انہوںنے کہاکہ میں تکنیکی اعتبار سے بہترین کھلاڑی تھا اور صرف جیت پر یقین رکھتا تھا ۔ سوچا بھی نہیں تھا کہ جہانگیرخان میرا ریکارڈ توڑیں گے البتہ ہاشم خان کے 7 برٹش اوپن ٹائٹلز کے ریکارڈ کے بارے میں ضرور سوچا تھا جو میں نے توڑا۔ جہانگیرخان نے 16 سال کی عمر میں ورلڈ ایمیچر ٹائٹل جیتا تھا اور وہ ایک زبردست کھلاڑی کے طور پر سامنے آئے جو ساڑھے5 سال تک ناقابل شکست رہے۔ میں تو صرف ایک سال میں تمام کے تمام ٹورنامنٹ جیت کر خوش ہوا تھا تاہم سچ یہ ہے کہ میں نے یہ نہیں سوچا تھا کہ جہانگیرخان10 برٹش اوپن ٹائٹل جیتیں گے۔ پاکستان کو اچھے کھلاڑی پیدا کرنے ہوں گے تاکہ ا سپانسرز بڑے ٹورنامنٹس کی طرف راغب ہو سکیں۔انہوںنے کہاکہ ا سکواش کا اولمپکس میں شامل ہونا ضروری ہے ،سمجھ سے باہر ہے کہ اسے کیوں شامل نہیں کیا جا رہا۔ مصر میں اسکواش کے سپر ا سٹارز ہیں۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں