موبائل نیٹ کی رفتار میں 150 فیصد اضافے کیلئے کوشاں ہیں، وزیر مواصلات
ریاض۔۔۔ سعودی وزیر مواصلات و اطلاعات ٹیکنالوجی انجینیئر عبداللہ السواحہ نے کہا ہے کہ ان کی وزارت سعودی عرب میں موبائل نیٹ کی رفتار میں 150 فیصد تک اضافہ کیلئے کوشاں ہے۔ موبائل نیٹ کی رفتار اضافے کے بعد 28 میگا بائٹ ہوجائے گا۔ پھر 2020ءمیں یہ رفتار 45 میگابائٹ تک پہنچ جائے گی۔ السواحہ نے بتایا کہ ان کی وزارت نے تمام دور دراز علاقوں کے باشندوں کو رابطے کی بنیادی خدمات فراہم کرنے کا ہدف حاصل کرلیا ہے۔ سال رواں کے اختتام تک دور دراز علاقوں میں 128 ہزار مکانات کو لاسلکی نیٹ ورک فراہم کردیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وزارت مواصلات نے 7 لاکھ مکانات کو جدید نیٹ ورک سے مربوط کردیا ہے جبکہ 2020 ءتک 35 لاکھ مکانات اس دائرے میں لے لئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی وزارت ڈیجیٹل کا بنیادی ڈھانچہ جدید خطوط پر استوار کرچکی ہے اور AI ٹیکنالوجی کے نفاذ نیز مصنوعی ذہانت اور جی 5 کیلئے خصوصی فنڈ 5 ارب ڈالر کے سرمائے سے قائم کردیا گیا ہے۔