بالوں کی صحت اور جاذبیت کو برقرار رکھنے کے لئے اچھے اور معیاری شیمپو کے ساتھ ساتھ بہترین کنڈیشنر کا استعمال بھی ضروری ہے ورنہ بال روکھے اور بے رونق ہو جاتے ہیں ۔ بالوں کو نرم و ملائم اور چمکدار بنانے کے لیے کنڈیشنر کرنا ضروری ہے ۔ اگر آپ اپنے بالوں کو کیمیکلز سے بچانا چاہتے ہیں تو گھر پر موجود اجزاء کی مدد سے بآسانی اپنے بالوں کی مناسبت سے کنڈشنر تیار کر سکتے ہیں ۔
انڈے میں پروٹین کی کثیر مقدار موجود ہوتی ہے جو قدرتی طور پر نہ صرف بالوں کی نشوونما کرتا ہے بلکہ انہیں چمکدار بھی بناتا ہے ۔ انڈے کی زردی بہترین قدرتی موئسچرائزر کا کام کرتی ہے ۔ انڈے کے استعمال سے قدرتی کنڈیشنر تیار کرنے کا طریقہ کچھ یوں ہے کہ ایک انڈا ، ایک اور آدھا چائے کا چمچ زیتون کا تیل اور تھوڑے سے پانی کو ایک شیشے کے باول میں اتنا پھینٹیں کہ جھاگ دار بن جائے اب بالوں کو اپنی پسند کے شیمپو سے دھو کر اس مکسچر کو جڑوں سے سروں تک بالوں پر لگائیں ۔ پندرہ منٹ بعد پانی سے بالوں کو اچھی طرح دھولیں ۔
بالوں سےخشکی دورکرنے اور انہیں ملائم بنانے کے لیے زیتون کے تیل کا استعمال بہترین مانا جاتا ہے ۔ اسی طرح سیب کے سرکے اور مایونیز میں موجود فیٹس کی وسیع مقدار بالوں کو چمکدار بناتی ہے ۔ ایک انڈے کو اچھی طرح پھینٹ لینے کے بعد اس میں ایک چوتھائی کپ مایونیز ، ایک چمچ زیتون کا تیل اور ایک چمچ سرکہ شامل کرکے اچھی طرح مکس کرلیں ۔ اگر آپ کے بال آئلی ہیں تو سر کی جلد پر لگانے سے گریز کریں ۔ بالوں میں مکسچر لگانے کے بعد ہاتھوں سے اچھی طرح مساج کرکے سر کو شاور کیپ سے ڈھک لیں ۔ پندرہ منٹ بعد صاف پانی سے بالوں کو اچھی طرح دھولیں ۔ اگر ضرورت محسوس ہو تو بعد میں بالوں کو اپنی پسند کے کسی شیمپو سے دھولیں ۔
یہ بھی پڑھیں:آئی براؤز کو خوبصورت بنانے کے لیے ۔۔۔