جوناجائزبیٹھا ہے حمایت نہیں کرینگے‘ سپریم کورٹ
کراچی: عدالت عظمیٰ کراچی رجسٹری میں آج دوسرے روز بھی شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے حکم دیا کہ کارروائی جاری رکھی جائے۔ ذرائع کے مطابق دوران سماعت وفاقی، صوبائی اور شہری حکومتوں نے اپنی مشترکہ رپورٹ میں کہا کہ حکومت سندھ متاثرین کی بحالی اور انہیں متبادل جگہ فراہم کرے گی جس پر جسٹس فیصل عرب نے ریمارکس دیئے کہ شہر تباہ ہوگیا تب بھی سندھ حکومت آنکھیں بند کرکے بیٹھی تھی۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ 6 ہفتوں کا پیشگی نوٹس صرف رفاعی پلاٹوں پرقائم گھروں سے متعلق ہے۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ بلڈرز مافیا کی غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن جاری رہنا چاہیے۔ عدالت نے تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری رکھنے کا حکم جاری کردیا۔ قبل ازیں سپریم کورٹ کراچی رجسٹری ہی میں چیف جسٹس کی زیر صدارت لائٹ ہاﺅس کے لنڈا بازارکی دکانیں مسمارکرنے کا معاملے کی سماعت ہوئی۔ جس پر سپریم کورٹ نے تاجرالائنس کی درخواست مسترد کردی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جوناجائزبیٹھا ہے اس کی کوئی حمایت نہیں کرینگے جبکہ غیرقانونی تعمیرات اورقبضہ کرنے والے ناسورہیں۔