ڈزنی لینڈ نے نئی تفریحات متعارف کرادیں
جمعرات 13 دسمبر 2018 3:00
ٹوکیو۔۔۔ ڈزنی لینڈ دنیا کے مختلف ممالک میں اپنی شاخیں قائم کررہی ہے اور یہ سلسلہ دنیا کے تقریباً تمام براعظموں تک پھیل چکا ہے۔ اسی طرح ٹوکیو میں بھی ایک بڑا ڈزنی لینڈہے جو بیحد خوبصورت اور نت نئی تفریحات سے بھرا رہتا ہے اور اسی لئے یہاں ہمیشہ سیاحوں بالخصوص عورتوں اور بچوں کی بھیڑ جمع رہتی ہے۔ لوگ ڈزنی لینڈ میں ادھر اُدھر کھڑے چلتے پھرتے مختلف کرداروں سے اتنے واقف ہوچکے ہیں کہ اب وہ آسانی سے انہیں کہیں بھی دیکھ کر پہچان سکتے ہیں۔ کچھ بچے تو یہ بھی کہتے سنے گئے کہ وہ تو ان کرداروں سے اچھی طرح واقف ہیں اور انکا نام او رکام ان سے پوشیدہ نہیں مگر اب ڈزنی لینڈ والوں نے ٹوکیو کی تفریح گاہ کیلئے بیوٹی اینڈ دی بیسٹ کے عنوان سے نت نئی تفریحات کا اہتمام کردیا ہے۔ یہاں کے بہت سارے کردار ایسے ہیں جو کامک بکس میں عرصے سے نظر آرہے تھے مگر اب انہیں متحرک انداز میں دکھانے کیلئے نت نئے کردار وغیرہ بنائے گئے ہیں۔ ان تمام چیزوں سے آراستہ ہونے کے بعد ٹوکیو کا ڈزنی لینڈ 2020ءکے موسم بہاراں میں باقاعدہ کھول دیا جائیگا تاہم پرومو کے طور پر ڈزنی لینڈ کی انتظامیہ نے کچھ نئی اور حیرت انگیز وڈیوزاور فوٹیج جاری کی ہیں جو روبوٹ ٹیکنالوجی ، جدید انجینیئرنگ اور اینیمیٹرونکس کی مدد سے تیار کئے گئے ہیں اور ان وڈیوز کو دیکھ کر لوگوں کو ایسا لگے گا کہ وہ کوئی وڈیو نہیں دیکھ رہے بلکہ اسی فلم کا حصہ ہیں اور سب کرداروں کی طرح وہ بھی ایک کردار ہیں۔ سارے کردار کارٹون نما ہیں۔ سیاحوں کیلئے جو نشستیں تیار کی گئی ہیں وہ چائے کے بڑے بڑے پیالوں کی طرح ہیں جس میں بیٹھ کر وہ چائے وغیرہ بھی پی سکیں گے اور پورے ڈزنی لینڈ کا مشاہدہ بھی کرسکیں گے۔ ان پیالہ نما سواریوں میں جانے کیلئے سیاحوں کو کسی خاص ٹریک یا راہداری سے نہیں گزرنا پڑیگا بلکہ وہ ٹکٹ لیکر ایک جگہ کھڑے ہوجائیں گے اور خودکار نظام کے تحت وہ پیالے کے اندر آرام سے پہنچ جائیں گے۔