Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لڑکے اور لڑکی کی پراسرار موت کا معما تاحال حل طلب

لاہور:  قصور میں لڑکے اور لڑکی کی لاشیں ملنے کے پراسرار واقعے کا معما تاحال حل نہ ہو سکا۔ ذرائع کے مطابق پنجاب کے شہر قصور کے قریب سے ایک لڑکے اور لڑکی کی درخت سے لٹکی لاشیں موصول ہوئی تھیں جن کی شناخت حسنین اور آمنہ کے نام سے ہوئی تھی، پولیس تاحال موت کی وجہ کی تحقیقات میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے تاہوم لڑکی کے باپ کی مدعیت میں مقدمے کا اندراج کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جائے وقوع سے ملنے والے لڑکے کے شناختی کارڈ سے پتا چلا تھا کہ کہ وہ لاہور کا رہائشی تھا جبکہ لڑکی کے اہل خانہ بھی لاہور ہی میں رہائشی ہیں دونوں خاندانوں کو واقعے کا علم نجی ٹی وی پر نشر ہونے والی خبر کے ذریعے ہوا تھا۔ میڈیا ٹیم لڑکے کے شناختی کارڈ کے پتے کے مطابق لاہور میں اتحاد کالونی، اچھرا پہنچی تو وہاں رہائش پذیر خاتون نے لڑکی کی تصویر دیکھ کر پہچان لیا کہ یہ ان کے گھر کام کرنے والی ملازمہ آمنہ ہے  جبکہ ٹیم جب آمنہ کے گھر پہنچی تو اس کے اہل خانہ اس واقعے سے قطعی لاعلم تھے اور اس کی تلاش میں سرگرداں تھے۔
تفصیلات کے مطابق لڑکی کے باپ محمد اقبال کا کہنا تھا کہ وہ لڑکے کو نہیں جانتے کہ وہ کون ہے اور کہاں سے آیا تھا۔ دوسری جانب مقتول لڑکی کے محلے والوں کا کہنا تھا کہ حسنین گلی میں سبزی فروخت کرتا تھا۔ بعدازاں دہرے قتل کا مقدمہ لڑکی کے والد کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق لڑکا رکشا ڈرائیور، شادی شدہ اور بیوی کو طلاق دے چکا تھا۔ اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور مزید تحقیقات کے بعد اصل حقیقت سامنے آئے گی۔
 

شیئر: