کراچی سمیت سندھ بھر میں سی این جی اسٹیشن تاحال بند
کراچی: شہر قائدسمیت صوبے بھر میں ایک ہفتے سے جاری گیس بحران کے بعد تاحال سی این جی اسٹیشنز نہ کھل سکے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق کراچی اور حیدر آباد سمیت سندھ بھر میں سی این جی دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے پبلک ٹرانسپورٹ سڑکوں پر نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ دستیاب گاڑیوں نے اپنے کرائے میں من مانا اضافہ کر رکھا ہے جس سے شہریوں کے مصائب میں اضافہ ہو رہا ہے۔ چند دستیاب بسوں میں شہری پھنس کر سفر کرنے پر مجبور ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سی این جی ایسوسی ایشن کی جانب سے گزشتہ روز اسٹیشنز کھولنے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم آج دوپہر تک سی این جی اسٹیشنز بند پڑے ہیں جبکہ گاڑیوں کی طویل قطار بھی سی این جی اسٹیشنز کے باہر لگی ہے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔ علاوہ ازیں معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو چکے ہیں۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ آج سی این جی اسٹیشز کو گیس کی بحالی کا امکان ہے جس کے بعد سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی شروع ہوجائے گی۔