دوست ممالک کی امداد سے آئی ایم ایف کے دباﺅ میں کمی ہوئی، اسد عمر
کراچی: وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے سعودی اخبار” عرب نیوز “کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں کہا کہ دوست ممالک کی جانب سے امداد ملنے کے بعد عالمی مالیاتی ادارے سے پروگرام لینے کے دباﺅمیں کمی آ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی 100 دنوں میں کیے گئے اقدامات کی وجہ سے رواں مالی سال کے دوران معیشت چلانے میں مدد ملے گی۔ذرائع کے مطابق غیر ملکی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اکتوبر سے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں تاہم عالمی ادارے کا مالیاتی پروگرام لینے میں حکومت کو کوئی جلدی نہیں ہے۔ عالمی ادارے کا پیکیج لیتے وقت ملک اور عوام کے مفاد کو پیش رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دوست ممالک کی جانب سے فنڈنگ کے بعد کرنٹ اکاﺅنٹ خسارہ مزید کم کرنے کی کوشش کریں گے۔ سعودی عرب کے ساتھ 6 ارب ڈالر کے پیکیج پر اتفاق ہوا جبکہ چین اور متحدہ عرب امارات سے بھی امداد ملنے کی توقع ہے جس سے ملک کے فارن ایکسچینج ریزرو میں اضافہ ہوگا جو اس وقت گزشتہ 4 سال کے مقابلے میں کم ترین سطح پر آگئے ہیں۔