Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسلم نوجوان ریاست مخالف انتہا پسندوں کا آلہ کار نہ بنیں، یاسین ظفر

جدہ۔۔۔ جامعہ سلفیہ فیصل آباد کے وائس چانسلر چوہدری یاسین ظفر نے کہا ہے کہ مسلم نوجوان ریاست مخالف انتہا پسند عناصر کا آلہ کار نہ بنیں۔ جذباتیت کے بجائے حکمت او رفراست کو اپنی پہچان بنائیں۔ وہ مکہ مکرمہ میں رابطہ عالم اسلامی کے زیر اہتمام منعقدہ 2روزہ عالمی کانفرنس میں شرکت کے بعد مرکزی جمعیت اہلحدیث جدہ کے خصوصی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اتحاد بین المسلمین کونسل امت مسلمہ کی تاریخ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ اس کونسل کی سفارشات مسلم ممالک او رمسلم اقلیتوں کو درپیش مسائل سے نمٹنے کیلئے روڈ میپ کا درجہ رکھتی ہیں جبکہ شرکاءکانفرنس کے نام خادم حرمین شریفین کا پیغام "رہنما دستاویز"کی حیثیت رکھتا ہے۔ کانفرنس میں 127ممالک کی 1200ممتاز شخصیات شریک ہوئیں۔ چوہدری یاسین ظفر نے کہا کہ فرقہ واریت امت کیلئے زہر ہے۔ اس کا پرچار کرنے اور کرانے والے اپنی لگائی ہوئی آگ میں خود جلنے لگے ہیں۔ انہو ںنے کہا کہ عالمی اور علاقائی منظر نامے کا تقاضا ہے کہ مسلمان فروعی اور لایعنی اختلافات کو پس پشت ڈا ل کر اتحاد و اتفاق پر زیادہ زور دیں۔ اور" قدر مشترک"کو فروغ دیں۔ چوہدری یاسین ظفر نے کہا کہ مسلمان تعلیم ، صحت جیسی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کا اہتمام کریں۔ شرعی مسائل پر علماءکے کام میں دخل نہ دیں۔ فتوے دینا علماءکا کام ہے عام لوگوں کا نہیں۔ عوامی مسائل کو حل کرنے کیلئے فقہ اکیڈمیوں پر انحصار کیا جائے۔ انہو ںنے کہا کہ بدقسمتی سے ان دنوں مسلم دنیا میں جگہ جگہ خوں ریزی عام ہے۔ دنیا میں سب سے زیادہ پناہ گزین بھی مسلمان ہیں۔ کاش کہ تمام مسلمان اپنی ذمہ داری کو محسوس کریں،یکجہتی پر توجہ دیں، مظلومین کی مدد کیلئے اپنے وسائل استعمال کریں۔ اجلاس میں مرکزی جمعیت اہلحدیث جدہ کے ناظم اعلیٰ عمر فاروق، مولانا مختار عثمانی ، چوہدری عبدالخالق اور چوہدری عبدالرﺅف شریک ہوئے۔ حافظ یحییٰ ، حافظ ایوب، چوہدری عبدالمجید ساعاتی، چوہدری عبدالمالک ،دارالسلام کے منیب الرحمان اور دیگر رفقاءنے بھی شرکت کی۔

شیئر: