سعودی عرب کے خلاف امریکی سینیٹ کے بیان پر مسلم دنیا میں غم و غصے کی لہر
ریاض۔۔۔ سعودی عرب کے خلاف امریکی سینیٹ کے بیان پر مسلم دنیا میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔ سعودی ارکان شوریٰ نے پیر کو ایوان میں بحث کے دوران امریکی سینیٹ کے موقف کی مذمت کی اور کہا کہ یہ بے بنیاد الزامات او ردعوﺅں پر مشتمل ہے۔ امریکی سینیٹ نے سعودی عرب کے داخلی امور میں مداخلت کی ہے جس کا اسے کوئی حق نہیں پہنچتا۔ سعودی عوام اپنے قائد اعلی خادم حرمین شریفین اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے خلاف لن ترانی کو پوری قوت سے مسترد کرتے ہیں۔ سعودی عرب کی خود مختاری یا اس کی حیثیت کو مجروح کرنے کے خلاف ہیں۔ شوریٰ نے کہا کہ امریکی سینیٹ کا بیان مملکت کے ساتھ عوامی یا سرکاری سطحوں پر دوستانہ تعلقات کے فروغ کے سلسلے میں پارلیمانی کردار کے سراسر منافی ہے۔ امریکی پالیسی میں رسہ کشی کا حصہ سعودی عرب کو بنانا ٹھیک نہیں۔ رابطہ عالم اسلامی نے اعلامیہ جاری کر کے توجہ دلائی کہ سعودی عرب کو دنیائے اسلام میں انتہائی قدر و منزلت کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔ عالم اسلام کے دانشوروں ، مبلغین ،علماءاور مفتیان کرام نے بیان دے کر کہا ہے کہ وہ سب سعودی عرب کو مسلم دنیا کا روحانی مرکز سمجھتے ہیں۔مملکت کی خودمختاری اور اس کی قیادت کو مجروح کرنے کی کوئی بھی کوشش سرخ نشان ہے جسے عبور کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ رابطہ عالم اسلامی نے دنیا بھر میں موجود اسلامی تنظیموں ، اداروں اور مراکز کی ترجمانی کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی مداخلت سے شرپسندوں کے مفادات ہی کو فائدہ پہنچے گا۔ اس سے مملکت کے سیاسی ، اقتصادی او ر امن و سلامتی کے کردار او راس کی دوراندیشی کو زک پہنچانے کے کوشاں عناصر بغلیں بجائیں گے۔ رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد العیسیٰ نے بتایا کہ انہیں دنیا بھر کے مسلم رہنماﺅں سے امریکی کانگریس کے موقف کے خلاف خطو ط موصول ہو رہے ہیں۔ مسلم رہنما مملکت کے اندرونی امور میں مداخلت اور اس کی توہین کی سخت الفاظ میں مذمت کر رہے ہیں۔ دریں اثناءسعودی عرب کے سربرآوردہ علماءنے رابطہ عالم اسلامی ، مجلس شوریٰ اور سعودی دفتر خارجہ کے جاری کردہ بیان کی تائید و حمایت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب مسلمانوں کے مقامات مقدسہ کا امین تھا، ہے اور رہے گا۔ یہ ایک پیغام رکھنے والی ریاست ہے اسے عرب دنیا ، عالم اسلامی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کا احساس اور ادراک ہے۔ سعودی عرب ماضی کی طرح حال و مستقبل میں بھی دیار پاک سے اپنا کردار احسن شکل میں انجام دیتا رہے گا۔ سعودی عوام اپنے قائدین کے شانہ بشانہ ہیں۔ وہ حق و صداقت کے منافی کسی بھی جال میں پھنسنے والے نہیں۔ مملکت کے تمام علماءاپنی قیادت کے ساتھ کھڑے ہیں۔