ریاض ۔۔۔ وزیر تجارت و سرمایہ کاری ڈاکٹر ماجد القصبی نے کہاہے کہ تجارتی جعل سازی اور پردہ پوشی کو کسی صورت برداشت نہیں کیاجائیگا ۔ خلاف ورزی کرنے والوں سے آہنی ہاتھ سے نمٹا جائیگا ۔ بجٹ اجلاس کے بعد اخبار نویسوں سے گفتگوکرتے ہوئے وزیر تجارت و سرمایہ کاری نے مزید کہا کہ بجٹ 2019 ملکی ترقی کی راہ میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا ۔ بیرونی سرمایہ کاری کےلئے مقررہ کارروائیوں کا دائرہ مختصر کرتے ہوئے ون ونڈو آپریشن شروع کیا گیا ہے جس کے مثبت اثرات برآمد ہو رہے ہیں ۔ ڈاکٹر القصبی نے مزید کہا کہ گزشتہ برس سرمایہ کاری کی بہترین پالیسی کی وجہ سے سرمایہ کاری کو کافی فروغ ملا ۔ کمپنی قائم کرنے کے مراحل کو مختصر کردیا گیا ہے جس سے سرمایہ کاروں کو کافی سہولت ہوئی ہے ۔ گزشتہ برس سے قبل مملکت میں کمپنی کے قیام کےلئے لائسنس کا حصول کافی مشکل ہوتا تھا جس کےلئے کم از کم 15 دن لگتے تھے اسے کم کرکے 30 منٹ کر دیا گیا ہے ۔ مملکت میں بیرونی سرمایہ کاری کے حوالے سے سوال پر ڈاکٹر القصبی نے کہا کہ گزشتہ 4 برسوں میں 76 ارب ریال کی غیر ملکی سرمایہ کاری مملکت میں آئی ۔ موجودہ بجٹ میں اس سرمایہ کاری کے لئے بہترین ماحول فراہم کیا گیا ہے جس سے توقع ہے کہ اس میں مزید اضافہ ہو گا ۔