Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حفاظ قرآن کے سینے انوار الٰہی سے منور ہوتے ہیں،مولانا یوسف

مدرسہ عبداللہ بن عمر میں محمد مسیح الدین کی حفظ قرآن تقریب سے والد،اساتذہ اور صدر مدرس کا خطاب 
جدہ ( امین انصاری )مدرسہ عبداللہ بن عمر جدہ کے طالب علم محمد مسیح الدین بن محمد جمیل الدین نے ڈیڑھ سال میں قرآن مجید مکمل حفظ کرلیا ۔ والد نے تقریب اظہار تشکر کا مدرسہ میں اہتمام کیا ۔ اس موقع پر صدر مدرس مولانا مفتی محمد یوسف الدین نے کہا کہ قرآن مجید کو حفظ کرنے والے بچوں کے سینے انوار الٰہی سے منور ہوتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ قرآن کی برکت سے دلوں کے دریچے کھول دیتے ہیں ۔ان کا ذہن اتنا تیز ہوجاتا ہے کہ وہ بعد حفظ قرآن مجید دنیوی علوم کے ہر مضمون میں نمایاں کارکردگی انجام دینے کے اہل ہوجاتے ہیں اور پھردنیا و آخرت میں سرخرو ہوتے ہیں ۔ حافظ محمد مسیح الدین کے استاذ حافظ محمد عارف ناظم الدین نے کہا کہ یہ طالب علم روز اول سے ہی انتہائی تیزی کے ساتھ قرآن مجید کو حفظ کرتا رہا اور امتیازی نمبروں کے ساتھ کامیابی حاصل کرتا تھا ۔ قابل مبارکباد ہیں ان کے والدین جنہو ںنے اس بچے کو اللہ کے کلام کو حفظ کروانے کی ٹھانی تھی۔یقینا آج انکے خواب شرمندہ تعبیر ہوئے ۔ حافظ بننے والے لڑکے کے والد نے کہا کہ میرے بیٹے مسیح الدین کو حفظ کرانے میں مجھ سے زیادہ انکی والدہ کی دلی خواہش تھی کہ ان کا لڑکا دنیوی علوم سے پہلے قرآن مجید کو حفظ کرے ۔ آج مسیح کی کامیابی پر انہوں نے سجدہ شکر بجالیا اور مدرسہ عبداللہ بن عمر کے صدر مولانا یوسف اور استاذ حافظ محمد عارف ناظم الدین کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر محمد جمیل الدین نے مدرسہ کے تمام طلباء، اساتذہ اور دوست احباب کی مدرسہ میںبڑے پیمانے پر دعوت کی ۔ صدر مدرس اور اساتذہ نے مسیح الدین کی گلپوشی کی جبکہ ساتھیوں اور دیگر اساتذہ نے نیک تمنائیں دیں ۔

شیئر: