Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایان علی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری دوبارہ جاری

راولپنڈی:  کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت کسٹم کورٹ راول پنڈی میں ہوئی جہاں عدالت نے ماڈل ایان علی کے دوبارہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ ذرائع کے مطابق مقدمات کی سماعت میں مسلسل غیر حاضری پر ایان علی کے وکیل سرفراز علی نے عدالت کو بتایا کہ ڈاکٹرز نے ایان علی کو فروری میں سفر کی اجازت دی ہے، لہٰذا ملزمہ فروری میں عدالت میں پیش ہوکر اپنے خلاف مقدمے کا سامنا کریں گی۔
عدالت نے ملزمہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری دوبارہ جاری کرتے ہوئے سماعت 18 جنوری تک ملتوی کردی۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ ملزمہ 3 سال سے دانستہ غیر حاضر ہے ، ملزمہ کے عدالت میں سرنڈر کرنے تک وارنٹ گرفتاری واپس نہیں لیے جا سکتے۔ 18 جنوری سے کوئی التوا نہیں ہوگا اور ملزمہ کی غیر موجودگی میں ہی ٹرائل شروع کردیں گے۔
واضح رہے کہ ایان علی کو 14 مارچ 2015ء کو اسلام آباد سے دبئی جاتے ہوئے بینظیر بھٹو ائرپورٹ پر کرنسی اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ جس کے بعد انہیں ضمانت پر رہا کیا گیا تھا، وہ عدالت کی اجازت سے بیرون ملک گئیں اور پھر کم و بیش 2 برس سے واپس نہیں لوٹیں۔

شیئر: