شہباز شریف پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب
اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا بلامقابلہ چیئرمین منتخب کرلیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق شیخ روحیل اصغر کی جانب سے شہباز شریف کا نام تجویز کیا گیا تھا جس کی کسی نے بھی مخالفت نہیں کی۔ اس موقع پر پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے ارکان مشاہد حسین، پرویز اشرف اور شیری رحمن سمیت دیگر نے شہباز شریف کو مبارک باد دی۔
تفصیلات کے مطابق پی اے سی کا چیئرمین منتخب ہونے کے بعد شہباز شریف نے تمام ارکان کے اعتماد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ایک موثر فورم ہے، میں سب کو ساتھ لے کر چلوں گا۔ انہوں نے کہا کہ احتساب کا عمل شفاف ہوگا اور اسے مزید بہتر بنانا ضروری ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز حکومت اور اپوزیشن کے درمیان قائمہ کمیٹیوں کے فارمولے پراتفاق ہوگیا تھا۔