لکھنؤ۔۔۔ یو پی کے وزیراعلیٰ یوگی نے جمعہ کو ایوان میںاپنی حکومت پر کئے جانے والے اعتراضات کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ جوکچھ کہا جارہا ہے سب جھوٹ ہے ۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ نظم و نسق کی صورتحال جتنی بہتر ہماری حکومت میں ہے اتنی ریاست میں کبھی نہیں تھی۔ انھوں نے تاجروں کی خوش حالی اور سرمایہ داروں کی یوپی طرف خصوصی توجہ کاذکر کیا اور کہا کہ بہت جلد یوپی میں روزگار کا سیلاب آنے والا ہے۔ انھوں نے مذہبی منافرت اور فسادات سے متعلق کہا کہ ہماری حکومت میں کوئی بھی فرقہ وارانہ فساد نہیںہوا۔ گنا کسانوں کے بقایا جات کی ادائی کے سلسلے میں کہا کہ بہت کچھ ادا کیا جاچکا ہے اور جو کچھ تھوڑا سا رہ گیا اسے جلد ادا کردیا جائے گا۔ کسانوں کے مسائل پر صرف اتنا کہا کہ سب کچھ ٹھیک ٹھاک ہے۔ ریاست کے نوجوان مطمئن ہیں اور خوش ہیںحالانکہ جب یہ سب دعوے کررہے تھے تو ایوان میں صرف حکمراں جماعت کے ممبران کے علاوہ اپوزیشن کی سیٹیں خالی تھیں۔ سب بہت پہلے ہی اپنی بات نہ سننے کی وجہ سے اپنی پنچوں سے اٹھ کر چلے گئے تھے۔