نئی دہلی۔۔۔ دہلی ہائی کورٹ نے1984کے سکھ مخالف فسادات میں عمر قید کی سزا پانے والے سابق کانگریسی ممبر پارلیمنٹ سجن کمار کی یہ اپیل خارج کر دی کہ ذاتی و خانگی وجوہ سے ان کی خود سپردگی کی میعاد میں ایک ماہ کی توسیع کر دی جائے ۔ اب سجن کمار کو ہر حال میں31دسمبر کو خود سپردگی کرنا ہی ہوگی۔سجن کمار کے وکیل انل شرما نے مہلت میں توسیع کیلئے جمعرات کو داخل کی گئی اپنی اپیل میں کہا تھا کہ ان کے موکل کواپنی اولاد اور املاک کے حوالے سے کچھ خاندانی معامالات طے کرنے ہیں۔ انہیں31جنوری تک کی مہلت دیجائے۔ واضح ہوکہ 73سالہ کانگریسی لیڈر کودہلی ہائی کورٹ نے یکم نومبر 1984کو جنوب مغربی دہلی کی پالم کالونی کے راج نگر پارٹ1- میں5 سکھوں کے قتل اور اسی دوران راج نگر پارٹ2-میں ایک گردوارہ نذر آتش کرنے کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائی تھی۔