نواز شریف سالگرہ جیل میں منائیں گے یا گھر پر،فیصلہ آج
اسلام آباد....مسلم لیگ (ن)کے قائد اورسابق وزیراعظم نواز شریف کےخلاف العزیزیہ اسٹیل اور فلیگ شپ ریفرنس کا محفوظ فیصلہ پیر کو سنایا جائےگا۔احتساب عدالت کے جج ارشد ملک فیصلہ سنائیں گے ۔سابق وزیر اعظم نواز شریف خود بھی عدالت میں موجود ہوںگے۔ نواز شریف اپنی سالگرہ جیل میں منائیں گے یا گھر پر اس کا فیصلہ آج ہوجائے گا۔ واضح رہے کہ نواز شریف 25 دسمبر کو سالگرہ مناتے ہیں۔ دونوں نیب ریفرنسز میں الزام ثابت ہونے پر نواز شریف کو 14 برس قید اور جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔ العزیزیہ ریفرنس میں 22 اور فلیگ شپ ریفرنس میں 16 گواہوں کے بیانات قلمبند کئے گئے۔احتساب عدالت نمبر ایک اور دو میں نواز شریف کیخلاف نیب ریفرنسز کی مجموعی طور پر 183 سماعتیں ہوئیں۔سابق وزیراعظم مجموعی طور پر 130 مرتبہ احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ایون فیلڈ میں سزا کے بعد نواز شریف کو 15 مرتبہ اڈیالہ جیل سے لا کر عدالت میں پیش کیا گیا۔احتساب عدالت نمبر ایک میں 70 میں سے65 پیشیوں پر مریم نواز اپنے والد کے ساتھ تھیں۔احتساب عدالت نے مختلف اوقات میں نوازشریف کو 49 سماعتوں پر حاضری سے استثنیٰ دیا۔احتساب عدالت ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ پہلے ہی سنا چکی ہے جس میں نواز شریف کو 10 سال، ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 7 اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی جسے بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے معطل کردیا فیصلہ سنائے جانے کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائینگے انتظامیہ نے خصوصی سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا۔