بی جے پی کو انتخابات میں شکست کا سامنا کرنا پڑیگا، امریکی تھنک ٹینک
حیدرآباد۔۔۔ 2019ء کے عام انتخابات میں ہندوستان کی قومی سیاسی جماعت بی جے پی کو بھاری نقصان ہوسکتا ہے۔ حال ہی میں 5ریاستوں میں کراری شکست کا سامنا کرنیوالی بی جے پی اس پیش گوئی کے بعد کافی فکر مند اور خوفزدہ ہے۔ بی جے پی کی شکست کی یہ پیش گوئی اور دعویٰ امریکی تھنک ٹینک بروکنگ انسٹیٹیوشنز نے کیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لوک سبھا چنائو میں بی جے پی179 نشستوں پر ہی جیت پائیگی۔ اسے 103نشستو ںکا نقصان ہوگا۔ بروکنگ انسٹی ٹیوشنز نے گزشتہ اسمبلی انتخابات کے ووٹنگ پیٹرن اور موجدہ لوک سبھا نشستوں کا حساب لگا کر یہ نتیجہ اخذ کیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق بی جے پی کی اتحادی پارٹیاں بھی کئی نشستوں پر شکست کھاسکتی ہیں ،وہ28نشستوں پر محدود رہ سکتی ہیں۔ واضح رہے کہ 2014ء میں بی جے پی کو 282نشستیں حاصل ہوئی تھیں اور اسکی اتحادی جماعتوں نے 54 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔ اس مرتبہ بی جے پی کیلئے مخالف ماحول واضح نظر آرہا ہے ۔ تھنک ٹینک نے اپنی رپورٹ میں بی جے پی کو سب سے زیادہ نقصان گجرات، مدھیہ پردیش اور بہار میں ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ و ہیں رپورٹ کے مطابق آنیوالے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کو 63نشستوں پرفائدہ ہونے کی امید ظاہر کی گئی ہے۔ کانگریس کو 2014ء میں 44نشستیں حاصل ہوئی تھیں لیکن رپورٹ کے مطابق اس مرتبہ کانگریس کو کئی نشستوں کا فائدہ ہوگا اور اتنا ہی نہیں کانگریس کی اتحادی جماعتوں کو بھی لوک سبھا انتخابات میں زیادہ کامیابی حاصل ہوگی۔ رپورٹ کے مطابق کانگریس کی اتحادی جماعتوں کو 56نشستیں حاصل ہوسکتی ہیں۔ یہاں یہ تذکرہ لازمی ہے کہ اس وقت ترنمول کانگریس، اے آئی ڈی ایم کے، ٹی آر ایس، سماج وادی پارٹی، بہوجن سماج پارٹی اور بیجو جنتا دل کسی بھی اتحاد میں شامل نہیں جبکہ یہ تمام سیاسی جماعتیں 2019ء کے لوک سبھا انتخابات کے بعد حکومت سازی میں اہم کردار میں نظر آئیں گی۔