آسٹریلین کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان سیکیورٹی سے مشروط
سڈنی:آسٹریلیا کے کرکٹ بورڈ نے ون ڈے میچوں کیلئے اپنی ٹیم کے دورہ پاکستان کو پی ایس ایل فائنل سے مشروط کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی ٹیم پی ایس ایل فائنل کے موقع پرپاکستان کا دورہ کرکے سیکیورٹی کا جائزہ لے گی ۔ آسٹریلوی بورڈ نے سیریز کے مجوزہ شیڈول میں بھی ترمیم کردی گئی ۔ بتایا گیا ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا کی سیکیورٹی ٹیم اور 3 آفیشلز مارچ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے مہمان بنیں گے جو 17 مارچ کو پی ایس ایل فائنل سمیت لیگ کے پاکستان میں ہونے والے میچوں کے بارے میں تمام سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لے کر اپنی رپورٹ دیں گے، جس کی روشنی میں کرکٹ آسٹریلیا اور ان کی حکومت ٹیم کے دورے سے متعلق تمام معاملات حتمی شکل دے گی۔ کرکٹ آسٹریلیا کے حکام پہلے بھی اپنی ٹیم بھیجنے کا عندیہ تو دے چکے ہیں۔ امارات میں ہونے والی سیریز کے ابتدائی پروگرام کے مطابق پہلے یہ سیریز 19 مارچ سے شروع ہونا تھی تاہم پاکستان کرکٹ بورڈکی خواہش تھی کہ آسٹریلوی ٹیم کراچی آئے اور 19 اور 21 مارچ کو یہاں میچز کھیلے لیکن اب ایک پی سی بی عہدیدارنے شیڈول میں ترمیم کے بعد اس سیریز کو 31 مارچ سے شروع کئے جانے کی تصدیق کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق پہلے انڈین پریمیئر لیگ سے یہ سیریز 31 مارچ تک مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ انڈین پریمیئرلیگ 29 مارچ سے شروع ہونے والی ہے تاہم اب کرکٹ آسٹریلیا نے آئی پی ایل سے دوطرفہ سیریز کو زیادہ اہم قرار دیا ہے۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں