مکہ مکرمہ۔۔۔مکہ مکرمہ ریجن پولیس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو فرضی انعامات کی رقم دلانے کا جھانسہ دے کر لوٹنے والے 12ایشیائی گرفتار کر لئے گئے۔ یہ لوگ موبائل پر رابطہ کر کے خود کو کسی ایک سعودی بینک کا ملازم ظاہر کرتے اور خوشخبری سناتے کہ قرعہ میں آپ کا نام بھاری انعام پانے والوں کی فہرست میں آگیا ہے۔ یہ لوگ کھاتیداروں سے نجی اور کھاتے کی معلومات حاصل کرتے۔ ان کے اکاﺅنٹ ہیک کرتے او ران سے بیلنس نکال لیتے ۔ تحقیقات اور سراغرسانی کی مدد سے اس طرح کے 12افراد کی نشاندہی کر لی گئی۔ ان کے خلاف ٹھوس ثبوت جمع کر لئے گئے۔ ان سب کو گرفتار کر لیا گیا۔ ان کے قبضے سے 44ہزار ریال، 45موبائل سیٹ او ر101موبائل سم برآمد کر کے ضبط کر لی گئیں۔ انہیں پبلک پراسیکوشن کی تحویل میں دے دیا گیا۔ مکہ پولیس نے سعودیوں او رمقیم غیر ملکیوں سے پرزور اپیل کی کہ وہ دھوکے بازوں کے جھانسے میں نہ آئیں۔ کسی بھی ایسے شخص کو جو فون پر رابطہ قائم کرکے نجی اور کھاتے کی معلومات دریافت کرنا چاہے اسے کسی بھی حالت میں معلومات مہیا نہ کی جائیں۔