حیدرآباد۔۔۔ آندھراپردیش کے وزیراعلیٰ این چندرابابونائیڈو نے الزام لگایا کہ متعدد مرتبہ وزیراعظم سے درخواست کے باوجود انہوں نے کسانوںکے قرضہ جات کی معافی کے بارے میں کچھ بھی نہیں کیا۔تلگودیشم پارٹی نے اپنے طورپر کسانوں کے زرعی قرضہ جات کی معافی کا اعلان کیا حالانکہ اس کا اتحاد بی جے پی کے ساتھ تھا۔انہوں نے کہاکہ تلگودیشم حکومت نے مرکز سے ریاست کے کسانوں کیلئے مالی امداد کی درخواست کی تھی تاہم مودی نے ریاستی حکومت کا تعاون نہیں کیا۔چندرابابو نے زراعت اور اس سے متعلق شعبہ جات پر چوتھا وائٹ پیپر جاری کیا۔انہوںنے اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ کسانوں کی خودکشی،کراپ ہالی ڈے ،نقل مکانی ،اِن پٹ سبسیڈی کے مسائل سے زراعت کا شعبہ 2017میں دوچار تھا تاہم اس رجحان میںتبدیلی آئی ہے۔انہوںنے کہاکہ اے پی ملک کی واحد ریاست ہے جن کی آمدنی میں 4سال میں دوگنا اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے زراعت کے شعبہ کیلئے 87ہزارکروڑسے زائد رقم صرف کی ہے جو ملک میں دیگر ریاستوں کے مقابلے سب سے زیادہ ہے ۔