باکسنگ ڈے ٹیسٹ: ہند جیت کے قریب
میلبورن: ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو باکسنگ ڈے ٹیسٹ جیتنے کیلئے صرف2وکٹوں کی ضرورت ہے جبکہ میزبان آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کو ناکامی سے بچنے کیلئے مزید141رنز اسکور کرنے کا مشکل چیلنج درپیش ہے ۔فاسٹ بولر پیٹ کمنز اپنے آل راونڈ کھیل کی وجہ سے ہندوستانی فتح میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔ کمنز نے پہلے تو کیریئر کی بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے6وکٹیں لیں اور پھر ناقابل شکست61 رنز بناتے ہوئے ہندوستانی بولرز کے سامنے ڈٹ گئے ، ان کے ساتھ ا سپنر ناتھن لیون6رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں ۔ چوتھے دن کا کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے 399رنز کے ہدف کے تعاقب میں8وکٹوں پر258رنز بنا لئے تھے۔ پہلی اننگز میں ہند کے 443/7رنز ڈیکلیئر کے جواب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 151رنز پر آوٹ ہوگئی تھی ۔ تیسرا میچ جیتنے والی ٹیم 4میچوں کی سیریز میں ناقابل شکست برتری بھی حاصل کرلے گی ۔ سیریز 1-1سے برابر ہے۔ کوہلی نے 106رنز 8کھلاڑی آوٹ پر دوسری اننگز بھی ڈیکلیئر کرکے آسٹریلیا کو اس کے گھر میں فتح کیلئے 399رنز کا ہدف دیا ۔ ہندوستانی ٹیم نے 54/5پر دوسری اننگز شروع کی، مینک اگروال 28اور رشبھ پنت6رنز پر دوبارہ کھیلنے آئے ۔دونوں با لترتیب42اور33رنز بنا کر لوٹ گئے، رویندر جدیجہ 5رنز بناکر آوٹ ہوئے تو ویرات کوہلی نے اننگز بھی 106/8رنز پر ڈیکلیئر کردی۔ محمد شامی صفر پر ناٹ آوٹ رہے۔پیٹ کمنز نے 27رنز دے کر6اور میچ میں 99رنز دے کر 9وکٹیں حاصل کیں جبکہ 2کھلاڑیوں کو جوش ہیزل ووڈ نے آوٹ کیا۔ آسٹریلیا نے مشکل ہدف کا تعاقب شروع کیا تو پہلی وکٹ 6کے اسکور پر گر گئی ۔ ایرون فنچ صرف3رنز بنا سکے ، دوسرے اوپنر مارکوس ہیرس 13رنز پر آوٹ ہوئے تو مجموعی اسکور33رنز تھا۔ عثمان خواجہ،شان مارش اور ٹریوس ہیڈ نے وکٹ پر ٹھہرنے کی کوشش کی لیکن با لترتیب 33،44اور34رنز بنا کو آوٹ ہوگئے۔ان کے بعد مچل مارش،کپتان ٹم پین اورمچل اسٹارک کو بھی رویندر جدیجہ اورمحمد شامی نے جلد واپس بھیج دیا، محسوس ہو رہا تھا کہ ہندوستانی ٹیم چوتھے دن ہی میچ جیت لے گی لیکن فاسٹ بولر پیٹ کمنز غیر متوقع طور پر اس فتح کی راہ میں حائل ہو گئے اور شاندار نصف سنچری اسکور کرکے ہندوستانی ٹیم کا کامیابی کیلئے ایک دن مزید انتظار کا ۔ ان کے ساتھ اسپنر ناتھن لیون بھی دوسرا اینڈ سنبھالے ہوئے ہیں اور دونوں تمام ہندوستانی بولرز کو ناکام بنا کر میچ کو پانچویں دن تک کھینچ لے جانے میں کامیاب رہے ۔ چوتھے دن کا کھیل ختم ہوا تو کمنز ٹیسٹ کیریئر میں اپناسب سے بڑا اسکور 61رنز بنا چکے تھے جبکہ ناتھن لیون نے 38گیندوں کا سامنا کرکے 6رنز بنائے۔ ہند کی جانب سے جدیجہ3 ، شامی اور بمرا نے2-2وکٹیں لیں۔ آسٹریلوی بیٹسمین بقیہ141رنز بنانے جبکہ ہندوستانی بولرز 2وکٹیں لینے کی کوشش کریں گے اور بظاہر امکان یہی ہے کہ میچ پہلے سیشن میں انجام کو پہنچ جائے گا۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تجزیئے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ"اردو نیوزاسپورٹس"جوائن کریں