”سند محمد بن سلمان “ پروگرام ؟
ریاض۔۔۔سعودی ولی عہد نے سماجی مسائل حل کرنے کیلئے” سند محمد بن سلمان“ پروگرام جاری کردیا۔ اس کے ذریعے سعودی خواتین و حضرات کو زندگی کے مختلف شعبوں میں باوقار اور مستحکم زندگی گزارنے کے مواقع مہیا ہونگے۔ سند محمد بن سلمان نے اسکی شروعات ”سند الزواج“ کے عنوان سے کی ہے۔ اسکے تحت نوجوانوں کو شادی کی ترغیب دی جائیگی اور نادار نوجوانوں کو فیملی بنانے اور سماجی رشتے مضبوط کرنے کی سہولت مہیا کی جائیگی۔ سند محمد بن سلمان پروگرام کے بموجب متعدد سماجی پروگرام روبعمل لائے جائیں گے۔ بغیر منافع والی شراکت کی بنیاد پر متعدد اداروں سے تعاون ہوگا۔ فلاحی انجمنوں کی مدد کی جائیگی۔ قیدیوں کی رہائی کا انتظام ہوگا۔ تاریخی مساجد کو جدید خطوط پر استوار کیا جائیگا۔ پروگرام کے اہدافwww.snad.org.saسے رجوع کرکے دریافت کئے جاسکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سند زواج نئے شادی شدہ جوڑوں کیلئے متعارف کرایا گیا۔ اس سے فائدہ اٹھانے کیلئے ضروری ہے کہ شوہر اور بیوی دونوں سعودی ہوں۔ شوہر کی عمر 21تا 40اور بیوی کی عمر 18سے 40کے درمیان ہو۔ پہلی شادی ہو۔ دولہا کم از کم ثانوی پاس ہو۔ نکاح پر ایک برس سے زیادہ نہ گزرا ہو۔ ماہانہ آمدنی 4ہزار سے زیادہ نہ ہو۔ مہر 50ہزار کے اندر ہو۔ مالیاتی آگہی کا کورس مکمل کرلیا ہو۔سند زواج کے تحت یتیموں ، معذوروں اور شہدائے وطن کی اولاد کو ترجیح دی جائیگی۔ یہ پروگرام سعودی وژن 2030کا اٹوٹ حصہ ہے۔