ترسیل زر کیلئے خودکارمشین کا افتتاح
ریاض.... البلاد بینک نے داخلی اور خارجی ترسیل زر کیلئے خود کار مشین (KeyKIOSK) کا افتتاح کردیا۔اسکی بدولت صارفین اپنے رشتہ داروں اور دوستوں کو 24گھنٹے اور ہفتے بھر رقم بھیج سکیں گے۔ ترسیل زر آپریشن ریکارڈ وقت میں انجام پاجائیگا۔ ترسیل کےلئے صارفین کو اوقات اور دفاتر کی پابندی نہیں کرنا ہوگی۔اس سے صارفین کو متعدد فائدے ملیں گے۔ کسی انتظار کے بغیر ترسیل زر کرسکیں گے۔ 200سے زیادہ ممالک کےلئے قائم نیٹ ورک سے فائدہ اٹھاسکیں گے۔ مشین کا استعمال آسان بنایا گیا ہے۔ 8زبانوں میں سے ۔جس زبان میں چاہیں گے ترسیل زر کا آپریشن کیا جاسکے گا۔ اسی کے ساتھ رقم بھیجنے والے ترسیل کے وقت اور صورتحال کو فالو کرسکیں گے۔ مملکت میں موجود تمام بینکوں سے جاری ”مدی “ کارڈ کے ذریعے بھی رقم بھیج سکیں گے۔ بینک کے ایگزیکٹیو چیئرمین عبدالعزیز العنیزان نے بتایا کہ ترسیل زر کی نئی مشین انتہائی محفوظ اور اعلیٰ معیار کی ہے۔ انجاز کے ڈائریکٹر جنرل عمر الحسین نے بتایا کہ یہ مشین انجاز کے مراکز میں بھی جلد مہیا ہوگی۔180سے زیادہ ترسیل زر کے مراکز مملکت بھر میں موجود ہیں۔ کسی سے بھی استفادہ کیا جاسکے گا۔ کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ ریاض کے ٹرمینلز میں بھی یہ سہولت 24گھنٹے مہیا ہوگی۔ ریاض، جدہ، ظہران ، تبوک اور الخرج میں اسکے 5اور دیگر مقامات پر اس کی 50 شاخیں صارفین کے لئے مہیا ہونگی۔