ٹماٹر کا رس وزن کم کرنے میں مددگار
ٹماٹر پروٹین ، منرل ، فائبرز اور وٹامن سے بھرپور غذا ہے ۔ یہ نہ صرف جلد کو تروتازہ اور خوبصورت بناتا ہے بلکہ صحت کے لئے بھی مفید ہے اور وزن کو کم کرنے میں بھی مدد دیتا ہے ۔ لہذا وہ لوگ جو اضافی چربی کو ختم کرنا چاہتے ہیں اور سلم اور سمارٹ دکھنا چاہتے ہیں ٹماٹر کا رس انکی مشکل آسان کر سکتا ہے ۔ بے شمار غذائی اجزاءسے بھرپور ہونے کے باوجود اس میں انتہائی کم کیلوریز پائی جاتی ہیں ۔ ایک درمیانے سائز کے ٹماٹر میں صرف 16 کیلوریز موجود ہوتی ہیں ۔ لہٰذا دو ٹماٹر کھالینے سے نہ صرف پیٹ بھرا ہوا محسوس ہوتا ہے بلکہ کیلوری انٹیک بھی کم ہوجاتا ہے جو وزن کم کرنے کے لیے ضروری ہے ۔ ٹماٹر میں موجود فائبرز کی کثیر مقدار وزن کو کم کرنے کے لئے اہم ہے ۔ یہ فائبرز آنتوں میں جاکر جئل کی قسم کا مادہ بنا دیتے ہیں جو گڈ بیکٹیریا کے لیے بطور غذا کام آتے ہیں ۔ ان کی موجودگی سے پیٹ بھرا رہنے کا احساس ہوتا ہے اور بھوک کم محسوس ہوتی ہے ۔ دوسری سبزیوں اور پھلوں کے مقابلے میں ٹماٹر کی گلائسیمک انڈیکس بھی کم ہوتی ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ ٹماٹر ہضم ہو کر خون میں شوگر لیول بڑھانے میں زیادہ وقت لیتا ہے جس سے خون میں شوگر کی مقدار کنٹرول میں رہتی ہے ۔ اس میں اینٹی آکسیڈنٹس لائیکوپین کی بھی کثیر مقدار موجود ہوتی ہے جو جسم کے آکسی ڈیٹیو اسٹریس کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے جس کے نتیجے میں وزن کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے ۔اسکے علاوہ ٹماٹر میٹابولزم کو تیز کر نےمیں مدد دیتے ہیں اس کے نتیجے میں جسم میں موجود کیلوریز جلد برن ہو کر وزن کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں ۔