ریاض۔۔۔ مصری شہر اسماعیلیہ کی پولیس نے سعودی تاجر کے اغوا اور اس سے 5ملین مصری پونڈ زر تاوان وصول کرنے والے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ”الیوم السابع“ نامی مصری جریدے نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ 25اپریل 2016ءکو اسماعیلیہ کی تحصیل التل الکبیر میں سعودی تاجر کے اغوا کے واقعہ کی تفصیلات مقامی میڈیا نے دی تھیں۔ بتایا گیا تھا کہ سعودی تاجر اور اسکے نجی ڈرائیور کو اسماعیلیہ قاہرہ صحرائی روڈ سے گزرتے ہوئے گاڑی سے اتار کر اغوا کرلیا گیا تھا۔ دونوں کی آنکھوں پر پٹی باندھ کر انہیں السویز کے ایک کوہستانی علاقے لیجایا گیا تھا۔ وہاں دونوں کو زنجیروں میں باندھ کر ایک پنجرے میں بند کردیا گیا تھا۔ ساتھ ہی قتل کی دھمکیاں بھی دی گئی تھیں اور جسمانی تشدد بھی کیا گیا تھا۔ سراغ رساں اس جگہ کا پتہ لگانے میں کامیاب ہوگئے تھے جہاں سعودی کو قید کیا گیا تھا۔ البتہ اسی دوران تاجر کے رشتہ داروں نے اغوا کنندگان کو 5 ملین پونڈ دیکر رہا کرالیا تھا۔ پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت کے حوالے کردیا تھا۔ فوجداری کی عدالت نے 7ملزمان کو عمر قید سنائی تھی جبکہ دیگر 5افراد کو جو گرفتار نہیں ہوسکے تھے 20، 20ہزار پونڈ جرمانے اور سزائے عمر قید کا فیصلہ سنایا تھا۔ تازہ واقعہ یہ ہوا ہے کہ پولیس نے اغوا میں شریک ایک اور گروپ کے ایک ملزم کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔