Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پہلاون ڈے:نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 45رنز سے ہرا دیا

ماونٹ مانگانوئی:نیوزی لینڈ نے ٹیسٹ سیریز میں کامیابی کے بعد ون ڈے سیریز کا بھی شاندار آغاز کرتے ہوئے بڑے اسکور کے میچ میں مہمان سری لنکن ٹیم کو 45رنز سے ہرادیا ۔ اس میچ میں دونوں ٹیموں کی جانب سے سنچریاں بنائی گئیں۔ میزبان ٹیم میں ڈیڑھ سال بعد واپس آنے والے جمی نیشام نے ایک اوور میں5چھکوں کی مدد سے 13گیندوں پر47رنز بنانے کے بعد 3وکٹیں بھی لیں تاہم کیوی اوپنر مارٹن گپٹل 138رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار پائے۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ نے 7وکٹوں کے نقصان پر376رنز کا بڑا اسکورکیا ۔گپٹل کی سنچری،کپتان کین ولیمسن اور روس ٹیلر کی نصف سنچریوں اور اننگز کے آخری مراحل میں جیمی نیشام کی طوفانی بیٹنگ نے میزبان ٹیم کو بڑا اسکور کرنے میں مدد فراہم کی ۔گپٹل نے 139گیندوں پر5چھکوں اور11چوکوں کی مدد سے138بنائے، کین ولیمسن نے 77اورروس ٹیلر نے54رنز اسکور کئے ۔ جمی نیشام ،جو جون 2017 کے بعد پہلا ون ڈے میچ کھیل رہے تھے ۔سری لنکن بولر تھیسارا کے ایک اوور میں 5چھکے لگانے میں کامیاب رہے اور 13گیندوں پر47رنز کے ساتھ نیوزی لینڈ کے اسکور کو مقررہ 50اوورز کے اختتام پر376رنز تک پہنچا دیا ۔کپتان لیستھ ملنگا، نووان پردیپ اور تھیسارا پریرا نے2،2وکٹیں لیں۔تعاقب میں سری لنکن اوپنرز نے119رنز کی شراکت فراہم لیکن اس کے بعد وقفوں سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ،مہمان بیٹسمین 326رنز تک پہنچ گئے لیکن اس کے ساتھ ہی 49 ویںاوورکی آخری گیند پر ان کی آخری وکٹ بھی گر گئی اور نیوزی لینڈ نے یہ میچ45رنز سے جیت کر سیریز میں1-0کی برتری حاصل کر لی۔ سری لنکا کی جانب سے کوشل پریرا نے سنچری اسکور اور86گیندوں پر 102رنز بنا کر آوٹ ہوئے جبکہ اوپنر نیروشان ڈکویلا76 اوردنوشکا گوناتھیلاکا 43رنزکے ساتھ نمایاں رہے ۔جمی نیشام نے 3، اش سوڈھی، لوکی فرگوسن اور ٹرینٹ بولٹ نے2،2کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔
کھیلوں کی مزید خبریں اور تبصرے پڑھنے کیلئے واٹس ایپ گروپ "اردونیوز اسپورٹس"جوائن کریں

شیئر: