کویت ۔۔۔۔ کویتی فٹبال آرگنائزیشن کے چیئرمین شیخ احمد الیوسف نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی کھلاڑیوں کی شرکت کی وجہ سے کویت 2022کے دوران قطر میں ہونے والے ورلڈ فٹبال کپ کے میچ میں شریک نہیں ہوگا۔ الیوسف نے یہ ردعمل فٹبال ورلڈ آرگنائزیشن ” فیفا“ کے چیئرمین کی اس تجویز پر دیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ٹورنامنٹ کی میزبانی کی صلاحیت نہ ہونے کی وجہ سے ورلڈ فٹبال کپ کے میچوں کی میزبانی خلیج کے مختلف ممالک کو دی جاسکتی ہے۔ ورلڈ ٹورنامنٹ میں 32سے 48قومی ٹیمیں شرکت کرینگی۔ الیوسف نے کہا کہ انکا ملک کسی بھی میچ کی میزبانی نہیں کریگا۔ کویت اسکی شرائط ہی پوری نہیں کرسکتا۔ فیفا کی بنیادی شرط یہ ہے کہ اسرائیل سمیت ہر ملک کے کھلاڑیوں کی میزبانی کا اصول تسلیم کیا جائے کیونکہ کویت اسرائیلی کھلاڑیوں اور شراب فروشوں کی میزبانی نہیں کرسکتا لہذا ورلڈ ٹورنامنٹ کے کسی بھی میچ کی میزبانی اس کے بس سے باہر ہوگی۔