Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اظہر الدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت کی افواہیں

حیدرآباد۔۔۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہر الدین کانگریس کو خیر باد کہہ دینے والے ہیں او رٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرنے والے ہیں۔ اس بات کی وضاحت کیلئے وہ میڈیا کو دستیاب نہ ہوسکے ۔تفصیلات کے مطابق میڈیا میں ان دنوں یہ خبر اڑی ہوئی ہے کہ 2003ء میں کانگریس میں شامل ہونے اور مراد آباد (یوپی) لوک سبھا حلقے سے منتخب ہونے والے  اظہر الدین بہت جلد ٹی آر ایس پارٹی میں شامل ہوجائیں گے۔ خیال کیا جارہا ہے کہ محمد اظہر الدین کو حلقہ لوک سبھا سکندر آباد سے ٹی آر ایس پارٹی کا امیدوار بنایا جائیگا۔ اطلاعات کے مطابق کے چندر شیکھر رائو نے بھی محمد اظہر الدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت کو ہری جھنڈی دکھادی ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ حالیہ اسمبلی انتخابات سے قبل کانگریس پارٹی نے سابق کپتان کو تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کا کار گزار صدر مقرر کیا تھا تاکہ وہ پارٹی چھوڑ کر کہیں نہ جائیں۔ علاوہ ازیں کانگریس نے انہیں لوک سبھا انتخابات میں حلقہ لوک سبھا ماکا چگری سے پارٹی امیدوار نامزد کرنے کا ارادہ کیا تھا لیکن  ٹی آر ایس میں اظہر کی شمولیت کی اطلاعات نے کانگریس کی مرکزی و ریاستی قیادت کو فکر مند کردیا ہے ۔ ایک اور خیال یہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے کہ کل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمان حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی کی دختر کی گزشتہ دنوں ہونے والی شادی کی تقریب میں اظہر الدین نے شرکت کی تھی۔ اس تقریب میں وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر رائو اور انکی دختر کویتا نے بھی شرکت کی تھی۔ کہا جارہا ہے کہ اس تقریب میں اظہر الدین کی ملاقات کے سی آر اور انکی دختر سے ہوئی  اور اس ملاقات میں  ان قائدین کی سیاسی اور ذہنی ہم آہنگی کو عوام و دیگر قائدین نے  اچھی طرح محسوس کیا تھا۔
 

شیئر: