قیمتی ملبوسات فیش ہاﺅسز سے عاریتاً لیکر پہنتی ہوں، ملکہ رانیا
عمان۔۔۔ ملکہ اردن رانیا العبداللہ نے اپنے ملبوسات کی بابت سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی بحث کا قلع قمع کرنے کیلئے اپنی نوعیت کا پہلا بیان جاری کردیا۔ ملکہ رانیا کے یومیہ پروگراموں کے دوران انتہائی قیمتی ملبوسات پہننے پر اردنی معاشرے میں زبردست چہ میگوئیاں ہورہی ہیں۔ ملکہ کے دفتر نے حقیقت حال اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ ”ملبوسات پر بھاری اخراجات کے حوالے سے کافی باتیں ہوچکی ہیں۔ یہ معاشرے میں بحث مباحثے کا موضوع بنا ہوا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ ملکہ رانیا وطن عزیز اردن کی شایان شان طریقے سے نمائندگی کے لئے کوشاں رہتی ہیں۔ وہ اپنے اس جذبے اور ملبوسات کے بھاری اخراجات میں توازن پیدا کرنے کے لئے مختلف طریقہ کار اختیار کئے ہوئے ہیں۔ ملکہ کے بیشتر ملبوسات اردنی اور بین الاقوامی فیشن ہاﺅس سے عاریتاً لئے جاتے ہیں تحائف کے طور پر بھی ملبوسات انہیں ملتے ہیں۔ کبھی کبھار ترجیحی روایتی نرخوں پر بھی ملبوسات خریدے جاتے ہیں۔ انٹرنیٹ پر ان ملبوسات کی قیمت کے بارے میں جو تخمینے اور اندازے پیش کئے جارہے ہیں وہ خلاف حقیقت تاثر دینے کی کوشش کررہے ہیں“۔ ملکہ کے دفتر سے جاری کردہ بیان یہ کہہ کر ختم کیا گیا کہ ”ہمیں یقین ہے کہ یہ وضاحت روایت کے برخلاف ہے تاہم حقائق کے فقدان کے ماحول میں افواہوں اور مغالطہ آمیز معلومات کا بازار گرم ہوگیا تھا ۔ غلط تاثرات کا انبار لگ گیا تھا لہذا چشم کشا حقائق رائے عامہ کے سامنے رکھ دیئے گئے ہیں اور اب انہیں صحیح اور غلط میں فیصلہ کرنے کی آزادی ہے۔