Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آج مزید 5شعبوں میں غیر ملکی کام نہیں کرسکیں گے، وزارت محنت

 ریاض۔۔۔ وزارت محنت و سماجی امور نے کہا ہے کہ پیر سے مزید 5شعبوں میں غیر ملکی تارکین کام نہیں کرسکیں گے۔ ان شعبوں کی مکمل سعودائزیشن کا فیصلہ ہوچکا ہے۔ وزارت محنت کی جانب سے امسال 12شعبوں کی سعودائزیشن کا مرحلہ وار پروگرام جاری ہے جس کے مطابق پیر سے مزید 5شعبوں کی سعودائزیشن کا آغاز ہوگا۔ ان شعبوں کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے وزار ت محنت نے کہا ہے کہ طبی آلات فروخت کرنے والی دکانیں، کنسٹرکشن اور تعمیراتی سامان فروخت کرنے والی دکانیں،گاڑیوں کے اسپیئر پارٹس کی دکانیں ، ہر قسم کے کارپٹ فروخت کرنے والی دکانوں کے علاوہ مٹھائیوں کی دکانوں میں غیر ملکی کام نہیں کرسکیں گے۔قبل ازیں وزارت محنت نے گاڑیوں کے شورومز ، موٹر سائیکل کے شو رومز، ریڈی میڈ گارمنٹس ، گھریلو اشیاءفروخت کرنے والے اور دفاتر کی اشیاءفروخت کرنیو الے شو روم کے علاوہ بجلی اور الیکٹرک کی دکانیں، گھڑیاں اور چشمے فروخت کرنے والی دکانوں کی سعودائزیشن کافیصلہ کیا تھا۔ ان 12 شعبوں کی سعودائزیشن کی بدولت 60ہزار مقامی شہریوں کو روزگار ملے گا۔ وزارت محنت نے ستمبر 2018ءکے دوران گاڑیوں ، موٹر سائیکلوں ، تیار ملبوسات ، بچوں کے کپڑوں، مردانہ لوازمات، گھریلو اور دفتری فرنیچر نیز باورچی خانے کی اشیاءفروخت کرنے والی دکانوں کی سعودائزیشن کا آغازکیا تھا۔ طے ہوا تھا کہ تدریجی طور پر زیادہ سے زیادہ شعبوں میں غیر ملکیوں کی جگہ سعودی مقرر ہوں۔ ماہرین کا کہناہے کہ ریٹیل کے شعبے میں 20لاکھ غیر ملکی کام کررہے ہیں۔ سعودائزیشن کی بدولت صرف اس شعبے میں 3لاکھ سعودیو ں کو روزگار ملے گا۔اس شعبے کی 70فیصد ملازمتیں سعودیوں کو دلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔۔سعودائزیشن 3مرحلوں میں نافذ کرنیکا فیصلہ کیا گیا تھا۔
 
 

شیئر: