گوادر میں سعودی آئل ریفائنری کی تیاریاں
اسلام آباد۔۔۔۔ پاکستانی ذرائع نے بتایا ہے کہ گوادر میں آئل ریفائنری مفاہمتی یادداشت کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔ یہ اربوں ڈالر کا معاملہ ہے ۔ پاکستانی رپورٹوں میں توقع ظاہر کی گئی ہے کہ اپریل 2019ءکے دوران عظیم الشان آئل ریفائنری سمیت متعدد مشترکہ منصوبوں پر دستخط ہونگے۔ سعودی عرب کا اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان میں ہوگا۔ پاکستانی عہدیداروں نے بتایا کہ سعودی عرب 15ارب ڈالرکی سرمایہ کاری کریگا۔ پاکستانی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ آئل ریفائنری کا منصوبہ پاکستان میں سعودی عرب کا سب سے بڑا منصوبہ ہوگا۔ دونوں ملکوں نے حال ہی میں تجارتی اور اسٹراٹیجک تعلقات کے استحکام میں زبردست دلچسپی ظاہر کی تھی۔ مملکت نے پاکستان کو اقتصادی بحران سے نکالنے کیلئے 3ارب ڈالر کی امداد بھی دی ہے۔ پاکستان آئندہ 5برسوں کے دوران غیر ممالک سے 40ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کیلئے کوشاں ہے۔ پاکستان، سعودی عرب ، امارات اور چین کو اپنے یہاں سرمایہ لگانے کی ترغیبات دے رہا ہے۔