قونصلیٹ جدہ کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی نے عسیر جیلوں کا دورہ کیا، پاکبانوں کو او پی ایف کارڈ اور ایف ای سی کارڈ بنوانے کا مشورہ، زرمبادلہ سے زمین خریدنے پر ٹیکس معاف کرنیکا مطالبہ
خمیس مشیط (جی ایس ایوب) تارکین وطن کے مسائل حل کرنا اولین ترجیح ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کیلئے 2019ءخوش آئند ثابت ہوگا۔ وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے سفارتخانوں اور قونصل خانوں کو کمیونٹی کے مسائل حل کرنے کی خصوصی ہدایت دی گئی ہے۔ عسیر کا دورہ اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ پاکستان ڈاکٹرز فورم کی کارکردگی قابل قد ر ہے جس کے لئے میں ڈاکٹر جمیل مغل کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار قونصلیٹ جدہ کے کمیونٹی ویلفیئراتاشی ماجد حسین میمن نے ڈاکٹرز فورم کے چیئرمین اور اوورسیز ایڈوائزری کونسل کے ممبر ڈاکٹر جمیل مغل کی جانب سے اپنے اعزاز میں دی گئی استقبالیہ تقریب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر جمیل مغل اور چوہدری ریاض کے ہمراہ عسیر کی جیلوں کا دورہ کیا ہے۔ معلومات اکٹھا کی ہیں، مسائل ترجیحی بنیادوں پر جلد حل کئے جائیں گے۔ مقدمات کی پیروی بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میری گزارش ہے کہ آپس میں ایک فیملی کی طرح رہیں۔ غیر منافی سرگرمیوںسے پرہیز کریں۔ اچھے اخلاق سے ملک اور قوم کا نام روشن کریں۔ ہمارے دروازے بلا امتیاز ہر پاکستانی کیلئے کھلے ہیں ۔ اپنے مسائل سے آگاہ کریں ہم اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے انہیں حل کرینگے۔ ڈاکٹر جمیل مغل نے تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب پاکستانی ملک کے سفیر ہیں۔ انہوں نے حاضرین سے کہا کہ آپ او پی ایف کارڈ اور ایف ای آر سی کارڈ بنائیں تاکہ آپ تارکین وطن ہونے کے ناتے پاکستانی قوانین سے فوائد حاصل کرسکیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کیلئے پاکستان کے کالج اور یونیورسٹیز میں کوٹے کو بڑھایا جائے اور پاکستانی روپے میں نارمل فیس وصول کی جائے۔زرمبادلہ کی صورت میں بھیجی گئی رقوم سے پراپرٹی کی خرید و فروخت پر ٹیکس معاف کیاجائے۔ تارکین کو فائلر بننے کا حق بھی دیا جائے۔ ڈاکٹر محمد نعیم خان نے کہا کہ او پی ایف کارڈ ہی فائلر کارڈ ہونا چاہئے۔ ہر او پی ایف کارڈ ہولڈر کو تمام مراعات حاصل ہونی چاہئے۔تقریب سے معروف سماجی شخصیت پاکستان ویلفیئر فورم کے چیئرمین ریاض چوہدری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 2018ءتبدیلی کا سال تھا اور 2019ءجدوجہد کا سال ہے۔ عمران خان سے اپیل کی وزٹ ویزہ فیس میں کمی کروائی جائے۔ انہوں نے قونصلیٹ جدہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم جدہ قونصلیٹ کی کارکردگی سے مطمئن ہیں جس کے لئے قونصل جنرل اور ویلفیئر قونصلر کے شکر گزار ہیں۔ محمد افضل گورایہ نے تجویز دی کہ مکتب العمل میں بھی پاکستانیوں کے مقدمات کی پیروی کی جانی چاہئے۔ قونصلیٹ کی ٹیم مکتب عمل کے دورے کرے۔ تقریب میں فاروق بٹ، ملک مظفر اعوان، ڈاکٹر الطاف بشیر ویلمی، ڈاکٹر قائم خانی، ڈاکٹر غلام عباس، ڈاکٹر نوشیر خان، ڈاکٹر احتشام ، پرویز احمد، محمد اشفاق خان، محمد عمران، خرم اشفاق، ندیم طاہر اور دیگر شخصیت نے شرکت کی۔ کمیونٹی ویلفیئر اتاشی صابر حسین میمن نے تمام مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔