Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خدام الحرمین الشریفین ہونے پر ہر سعودی نازاں ہے، شاہ سلمان

ریاض۔۔۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے بدھ کو دیہی زرعی فروغ پروگرام کا افتتاح کردیا۔اس کی بدولت عربی قہوہ کی پیداوار ، تیاری اور مارکیٹنگ کے 8شعبوں کو فائدہ ہوگا۔شہدکے فارم قائم کئے جائیں گے۔ گلاب اور خوشبویات کی کھیتی باڑی کو جدید خطوط پر استوار کیا جائیگا۔ پھلوں کی پیداوار، تیاری اور مارکیٹنگ ہوگی۔ چھوٹے ماہی گیروں کو مضبوط کیا جائیگا۔ ماہی گیری کے فارموں پر توجہ مرکوز کی جائیگی۔مویشیوں کی افزائش کے شعبے کو فروغ دیا جائیگا۔ زرعی اشیاءکی قدرو قیمت میں اضافے والی صنعتوں کا اہتمام کیا جائیگا۔ وزیر ماحولیات و پانی و زراعت عبدالرحمن الفضلی نے اس موقع پر دیہی زرعی فروغ پروگرام کا مکمل تعارف کرایا۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ کاشتکار اس بات سے بیحد خو ش ہیں کہ پہلے 8.750ارب ریال اور پھر فروغ زراعت فنڈ کی جانب سے 3ارب ریال مملکت بھر میں زرعی شعبے کو فروغ دینے کیلئے منظور کئے گئے۔ اس سے سماجی اور اقتصادی فوائد حاصل ہونگے۔ الفضلی نے بتایا کہ دیہی زرعی فروغ پروگرام کے آٹھوں شعبے ٹھوس بنیادوں پر کھڑے ہوجائیں گے۔ اس موقع پر دیہی زرعی فروغ پروگرام پر ایک وڈیو بھی دکھائی گئی۔ شاہ سلمان نے مختصر خطاب میں کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ وطن عزیز کے باصلاحیت افراد زندگی کے ہر شعبے میں نظر آنے لگے ہیں۔ یہ سب سے پہلے تو اللہ کے فضل و کرم کا ثمر ہے پھر اس کا سہرا مملکت کے اسکولوں ، کالجوںاور جامعات کی تعلیمی کاوشوں کے سر جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بڑی نعمت ہے کہ ہمارا ملک فرزندان وطن کے کندھوں پر کھڑا ہو۔ اس سے بڑی نعمت یہ ہے کہ ہمارے یہاں امن و استحکام ہے۔ اسی کی بدولت ہر انسان چین و سکون کے ساتھ اپنے کام انجام دے پا رہا ہے۔ اس سے بڑی نعمت یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں ارض حرمین الشریفین کا اعزاز بخشا ہے۔ اسی طرح وطن عزیزکے ہر خاندان اور ہر فرزند سمیت ہم سب کے لئے یہ بات باعث فخر و ناز ہے کہ ہم حرمین شریفین کے خدام ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی عطا کردہ نعمتوں پر شکر کی توفیق عطا کرتا رہے۔ اس بات پر بھی ہم اللہ کے شکر گزار ہیں کہ سعودی شہری اپنے عرب اور دیگر ممالک کے بھائیوں کے شانہ بشانہ وطن کی تعمیر و ترقی میں حصہ لے رہے ہیں۔ اللہ کا شکر ہے کہ اب ہم وہ اشیاءجو درآمد کیا کرتے تھے برآمد کرسکیں گے۔ پروگرام ریاض کے قصر یمامہ میں منعقد ہوا۔ تقریب کے اختتام پر وزیر ماحولیات و پانی و زراعت عبدالرحمن الفضلی نے شاہ سلمان کو یادگاری تحفہ پیش کیا۔

شیئر: