وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا‘ اہم فیصلے متوقع
جمعرات 10 جنوری 2019 3:00
اسلام آباد: ملک کی معاشی صورت حال، توانائی بحران سمیت 26 اہم نکات کے حامل ایجنڈے پر وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا جس کی صدارت وزیر اعظم عمران خان کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں منی لانڈرنگ کیس سے متعلق مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی (جے آئی ٹی) کی رپورٹ کی روشنی میں 172 افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کے معاملے پر خصوصی کمیٹی اپنی رپورٹ پیش کریگی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کی آئینی ترمیم کا مسودہ بھی پیش ہوگا جبکہ وزارت قانون اور کابینہ ڈویژن کا اس حوالے سے وزیر اعظم کو تفصیلی بریفنگ کا امکان بھی ہے۔ علاوہ ازیں رواں برس حج 2019ءکی پالیسی پر بھی کابینہ کو بریفنگ دی جائے گی، اس موقع پر حج اخراجات بڑھانے کی سفارشات زیر بحث آئیں گی۔ ان کے علاوہ دیگر اہم قومی معاملات پر تفصیلی بات چیت اور فیصلے متوقع ہیں۔