صدر عمر البشیر کے حامیوں کی بڑی ریلی
جمعرات 10 جنوری 2019 3:00
خرطوم...سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں صدر عمر حسن البشیر کے ہزاروں حامیوں نے ان کے حق میں بڑی ریلی نکالی ہے۔ ملک میں گذشتہ کئی ہفتوں سے جاری حکومت مخالف احتجاجی مظاہروں کے بعد صدر بشیر کے حامیوں کا یہ پہلا عوامی مظاہرہ ہے۔خرطوم میں کسی بھی ناخوشگوار صورت حال سے نمٹنے کے لئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں ۔عینی شاہدین کے مطابق خواتین ، بچوں اور مردوں کی بڑی تعداد بسوں کے ذریعے صدر عمر البشیر کے حق میں ریلی میں شرکت کے لئے دارالحکومت پہنچی ۔سوڈان میں 19 دسمبر کو حکومت کی جانب سے روٹی کی قیمت میں 3 گنا اضافے کے خلاف احتجاجی مظاہرے شروع ہوئے تھے۔ اس کے بعد احتجاجی مظاہرین نے صدر عمر البشیر سے استعفے کا مطالبہ شروع کردیا ۔سوڈانی صدر نے ایک بیان میں استعفے کا مطالبہ کرنے والے مظاہرین سے کہا تھا کہ وہ 2020 میں ہونے والے صدارتی انتخاب کی تیاری کریں اور انتخاب جیت کر اقتدار میں آئیں۔انھوں نے کہا کہ اب بعض لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ فوج اقتدار سنبھال رہی ہے۔مجھے اس سے کوئی مسئلہ نہیں کیونکہ فوج تو ہمیشہ مادر وطن کی محافظ رہی ہے ۔انھوں نے ان سیاسی جماعتوں کی مذمت کی ہے جو پہلے حکومت میں شامل تھیں مگر اب مظاہرین کی صفوں میں شامل ہوکر ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کررہی ہیں۔دریں اثناءسوڈان میں جاری احتجاج کے دوران مزید 3افراد ہلاک ہوگئے ۔انسانی حقوق کی تنظیموں اور کارکنان نے صدر عمر البشیر اور ان کے ماتحت سیکیورٹی اداروں پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ احتجاجی مظاہرین کے خلاف طاقت کا استعمال کر رہے ہیں۔