ہنگاموں میں نقصان کے متاثرین کو ایک ماہ میں ادائیگی کا حکم
لاہور: عدالت عظمیٰ نے آسیہ بی بی کی رہائی سے متعلق ہنگاموں کے دوران ہونے والے نقصان کے ازالے کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو متاثرین کو ایک ماہ میں ادائیگی کرنے کا حکم دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی زیر سربراہی 2 رکنی بنچ نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں از خود نوٹس کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت ایڈوکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ ہنگاموں کے دوران نقصانات کا تخمینہ 262 ملین لگایا گیا ہے اور کابینہ نے اس تخمینے کی منظوری بھی دے دی ہے۔ جسٹس اعجازِ الاحسن نے استفسار کیا کہ ادائیگی کے لیے کوئی پلان بھی مرتب کیا ہے یا سب کاغذی کارروائی ہے؟ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ڈھائی ماہ گزر گئے ہیں لیکن ابھی تک ادائیگی کا مکمل پلان نہیں دیا گیا۔ اگر عدالت حکم نہ دیتی تو یہ پلان بھی نہ آتا۔ رپورٹ تو دے دی گئی ہے یہ بھی بتایا جائے کہ ادائیگیاں کب اور کیسے ہوں گی؟ سماعت کے دوران محکمہ داخلہ کے سیکشن افسر نے عدالت کو بتایا کہ اسی ماہ ادائیگیاں کر دیں گے۔ سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ ایک ماہ میں مکمل ادائیگیاں کر کے عمل درآمد رپورٹ عدالت میں جمع کرائیں۔