الاحساء : سوق القیصریہ جشن، رنگارنگ تفریحی پروگرام
الاحساء : سوق القیصریہ جشن، رنگارنگ تفریحی پروگرام
اتوار 13 جنوری 2019 3:00
ایشیائی فیملیز کی شرکت، سعودی بچیوں کے رقص نے دھوم مچا دی
الاحساء (ثناءبشیر) الاحساء ریجن کو ٹورازم میں پہلا نمبر ملنے پر الاحساءمیونسپلٹی کی جانب سے سوق القیصریہ میں رنگا رنگ اور تفریح سے بھرپور میلے کا انعقاد کیا گیا جس میں سیکڑوں مردو خواتین اور ایشیائی فیمیلیز کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔سعودی ثقافتی رنگوں سے بھرپور اس 3 روزہ میلے میں مرد حضرات کے ساتھ سعودی خواتین نے تینوں روز دلفریب رنگوں کا استعمال کرکے خوبصورت پینٹنگز بنائیں جن کو شرکاء نے خوب پسند کیا۔ اس کے علاوہ ثقافتی میلے میں روایتی میوزک اور رقص بھی پیش کیا گیا جبکہ مزاحیہ ا سٹیج ڈرامہ بھی میلے کی بھرپور رونق کا باعث بنا ۔ کوئز پروگرام میں سوالات کے درست جوابات دینے والوں کو انعامات سے بھی نوازا گیا۔ بچوں کی دلچسپی کےلئے جھولے اور دیگر تفریح مہیا کرنے والے پروگرام پیش کیے گئے جبکہ کمسن سعودی بچیوں کے ڈانس نے لوگوں کو خوب محظوظ کیا۔ ثقافتی میلے میں لذیذ سعودی کھانوں کے اسٹال بھی لگائے گئے تھے جن پر لوگوں کی بڑی تعداد نے من پسند کھانے کھائے اور روایتی قہوہ سے لطف اندوز ہوئے۔ دستکاریوں کے ا سٹال میں لوگوں نے دلچسپی کا اظہار کیا اور کاریگروں کو خوب داد دی۔ میلے میں شریک خواتین ،بچوں اور مرد حضرات کا شوق دیدنی تھا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ان کے علاقے کو ٹورازم کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔