Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ،پاکستانی تجارتی اجلاس ، معاہدوں کا اعلان آج متوقع

 
جدہ۔۔۔ سعودی پاکستانی تجارتی اجلاس اتوار کو جدہ میں شروع ہوگئے۔ پاکستان کی 30 اور سعودی عرب کی 86 کمپنیوں کے نمائندے شریک ہوئے۔ پاکستانی وفد نے سعودی نائب وزیر توانائی و صنعت و معدنیات عبدالعزیز العبدالکریم اور سعودی فروغ برآمدات ادارے کے سیکریٹری جنرل صالح السلمی سے ہفتہ کو جدہ پہنچتے ہی ابتدائی ملاقات کرلی تھی۔ فریقین نے 2 روزہ اجلاس میں سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ تعاون کے طور طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ السلمی نے پاکستانی کمپنیوں کے نمائندوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ ہم اپنے پاکستانی بھائیوں کو ان کے دوسرے گھر میں خوش آمدید کہہ رہے ہیں۔ جدہ ملاقات دونوں ملکوں کے درمیان اسٹراٹیجک رشتوں کی آئینہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں آمد پر ہم آپ کے شکر گزار ہیں۔ امید کرتے ہیں کہ 2 روزہ اجلاس دونوں ملکوں کی آرزوﺅں کی تکمیل کا باعث بنیں گے۔ جدہ ایوان تجارت کے ڈپٹی چیئرمین زیاد البسام نے توجہ دلائی کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہت سارے اور گوناگوں مواقع موجود ہیں۔ سعودی تاجر ان سے فائدہ اٹھائیں ۔ پاکستانی کمرشل قونصلر شہزاد احمد خان نے کہا کہ 2روزہ اجلاس کی بدولت دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی لین دین مضبوط ہوگا۔ شراکت موثر ہوگی۔ سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ آج پیر 14 جنوری کو فریقین تجارتی معاہدے کریں گے۔ یہ اجلاس سعودی برآمد کنندگان کیلئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ انکی بدولت انہیں پاکستانی منڈی کو سعودی مصنوعات فراہم کرنے کے بہترین مواقع حاصل ہونگے۔ سعودی عرب نے گزشتہ 5 برسوں کے دوران پاکستان کو تیل کے ماسوا 17 ارب ریال کا سامان بھجوایا ۔

شیئر: