حوثیوں نے سویڈن معاہدے کا احترام نہیں کیا، پومپیو
ریاض۔۔۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ حوثیوں نے یمن میں سویڈن معاہدے کی دفعات کا احترام نہیں کیا۔ یہ معاہدہ گزشتہ ماہ اقوام متحدہ کی سرپرستی میں ہوا تھا۔وہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔پومپیو نے یمن اور افغانستان امن عمل میں مدد پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ شاہ سلمان کیساتھ انکی ملاقات مفید رہی۔ انہوں نے یمن ، ایران اور افغانستان سمیت متعدد اہم مسائل پر ان سے بات چیت کی۔خادم حرمین شریفین سے پیر کو ریاض کے قصر یمامہ میں پومپیو نے ملاقات کرکے دونوں دوست ملکوں کے تاریخی تعلقات کا جائزہ لیا۔ نیز مشرق وسطیٰ کے حالات حاضرہ اور انکی گتھیاں سلجھانے کیلئے کی جانے والی مساعی پر تبادلہ خیال کیا۔پومپیو نے کہا کہ یمن سے متعلق سویڈن معاہدہ اچھا عمل ہے۔ ہمیں فریقین کی جانب سے سویڈن معاہدے کے عہد و پیمان کی پاسداری کی ضرورت ہے۔ ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں نے اس کی پابندی نہ کرنے کا راستہ اپنایا ہے۔ پومپیو نے شہزادہ محمد بن سلمان کیساتھ یمن کے بحران اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ امریکی سفارتخانے نے بتایا کہ سعودی ولی عہد اور امریکی وزیر خارجہ نے یمن کے معاملے پر بات چیت کی۔ دونوں نے طے کیا کہ یمن میں حالات کو مسلسل ٹھنڈا رکھا جانا ضروری ہے۔ سویڈن معاہدوں کی دفعات کی پابندی نیز جنگ بندی اور الحدیدة سے انخلاءضروری ہے۔سعودی وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر نے کہا کہ پومپیو کے ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی امن کیلئے ضرر رساں ایران کی توسیع پسندانہ پالیسیوں سے نمٹنے کیلئے مشترکہ جدوجہد پر بات چیت ہوئی۔ یمن، شام اور بحر احمر کے حالات حاضرہ نیز انتہا پسندی و دہشتگردی کے انسداد کے لئے مشترکہ جدوجہد پر بھی بات چیت ہوئی۔