غیر ملکی مہمانوں سے تحفے لینے پر پابندی
لاہور: حکومت نے شفاف حکمرانی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ایک نیا حکم جاری کیا ہے جس کے مطابق اب عوامی نمائندے اور سرکاری ملازم بیرون ملک سے آنے والے مہمانوں سے تحائف نہیں لے سکیں گے، اس حوالے سے پابندی کا باقاعدہ سرکلر بھی جاری کردیا گیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق وفاق نے صوبائی حکومتوں کو فیصلے سے آگاہ کردیا ہے جس کے بعد محکمہ سروسز پنجاب نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سینیئر ممبر بورڈ آف ریونیو سمیت تمام صوبائی سیکرٹریوں کو سرکلر جاری کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ صدر مملکت کے سوا کوئی بھی عوامی یا سرکاری عہدیدار کسی وفد یا سفیر سے تحائف نہیں لے سکتا۔ اگر کسی کو مجبوری میں تحفہ لینا پڑتا ہے تو فوری طور پر سرکاری توشہ خانہ میں جمع کروائے جائیں۔ بیرون ملک سے آنے والے وفد یا سفرا سے تحائف لینے والوں کی فہرست وزارت خارجہ یا متعلقہ وزارت کابینہ ڈویژن کو فراہم کرنے کی پابند ہوگی۔