Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیر اعلیٰ سندھ فواد چودھری کے نشانے پر‘ شدید تنقید

کراچی:  وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کراچی پہنچتے ہی وزیر اعلیٰ سندھ پر سخت تنقید کردی۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات نے کراچی پہنچنے کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمایندوں سے بات کرتے ہوئے صوبائی حکومت پر تنقید کے نشتر برسا دیے۔ اس موقع پر فواد چودھری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے اپنے حلقے میں ڈاکٹر اور ادویات دستیاب نہیں ہیں۔ نہ ہی اسکولوں میں اساتذہ اور فرنیچر موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر قائد کا حشر نشر ہوا ہے۔ عوام کے لیے کہتے ہیں پیسہ نہیں جبکہ بڑے خاندانوں کے لیے ان کے پاس پیسہ ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ ہم سندھ کے عوام کے دکھ درد میں ان کے ساتھ شریک ہیں۔ ہم عوام کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ جو پیسہ آپ کے لیے آ رہا ہے، وہ آپ پر نہیں لگ رہا، اگر آپ خود اس کا خیال نہیں رکھیں گے تو آپ کا پیسہ لندن اور امریکا جاتا رہے گا۔سندھ نے فاٹا کو این ایف سی میں حصہ نہیں دیا۔  تینوں صوبوں اور وفاق نے فاٹا کی ترقی کے لیے اپنا حصہ دیا،جب عملی کام کا وقت آتا ہے تو یہ لوگ خود کو لاتعلق کرتے ہیں۔  فاٹا والے پیسے بھی لوگوں پر خرچ نہیں ہوں گے وہ بھی اومنی اور زرداری گروپ کے پاس چلے جائیں گے ۔
فواد چودھری نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے غریبوں کے لیے چیزیں سستی کی ہیں۔وزیراعظم پر نیب کے کیس سے متعلق سوال پر فواد چودھری کا کہنا تھا کہ عمران خان پر 27 لاکھ کا کیس ہے، نیب کو نہ صرف یہ کیس واپس لینا چاہیے بلکہ وزیراعظم سے معافی بھی مانگنی چاہیے ۔
مزید پڑھیں:- - -  - -بلاول بچے ہیں‘ سندھ کے حالات سے ان کا تعلق نہیں‘ وزیر اطلاعات

شیئر: