Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملک کے لیے محبت کم ہو گئی‘ چیف جسٹس وزیر خزانہ پر برہم

اسلام آباد:  سپریم کورٹ میں نئیں گاج ڈیم کی تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کی۔ اس موقع پر وزیر خزانہ اسد عمر عدالت میں پیش ہوئے جہاں چیف جسٹس نے ان پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ آپ لوگ کام نہیں کرسکتے۔  ملک کے لیے آپ کی محبت کم ہوگئی ہے جبکہ بیورو کریسی کے پاس کام کرنے کا جذبہ اور نیت ہی نہیں ہے۔ ہم بہت خلوص سے چاہتے تھے کہ معاملہ حل ہو لیکن مجھے نہیں لگتا کہ حکومت ڈیم بنانے میں سنجیدہ ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیر خزانہ اسد عمر نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ یہ معاملہ جب ایکنک میں آتا ہے تو میرے علم میں آتا ہے۔  اس حوالے سے کل ایکنک میں درخواست آئی ہے، ہم نے یہ معاملہ کابینہ کو بھجوا دیا ہے جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ پھر آپ کی حکومت میں کوآرڈنیشن نہیں ہے۔ جس پر اسد عمر نے جواب دیاکہ ہو سکتا ہے جناب۔ جسٹس ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ ہم حکومت کو ڈکٹیٹ نہیں کرنا چاہتے اور نہ ہی ہم حکومت چلانا چاہتے ہیں، ہم نے بنیادی حقوق سے متعلق کام کیا ہے ، جس پر وفاقی وزیر خزانہ نے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کے کردار کا معترف ہوں۔ تاریخ میں ڈیم کے حوالے سے آپ کو یاد رکھا جائے گا۔وزیر خزانہ نے عدالت کو بتایا کہ 25 جنوری کو ایکنک کا اجلاس ہے ، اس میں معاملہ زیرغور لائیں گے، جس پر عدالت نے انہیں ایکنک اجلاس کے فوری بعد اس کے فیصلوں سے عدالت کو آگاہ کرنے کی ہدایت کی۔بعد ازاں عدالت نے نئی نئیں گاج ڈیم کی تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔
 
مزید پڑھیں:- - - -علیمہ خان نے 25 فیصد جرمانہ ادا کردیا

شیئر: