غیر قانونی اسپورٹس پروگرام کرنے پر سزائیں مقرر
ریاض۔۔۔ سعودی کابینہ کا اجلاس منگل کو خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت ریاض کے قصر یمامہ میں منعقد ہوا۔ کابینہ نے غیر قانونی طریقے سے اسپورٹس پروگرام کرنے پر سزائیں مقرر کردیں۔وزیر اطلاعات و نشریات ترکی الشبانہ نے اجلاس کے بعدسعودی خبررسا ں ادارے واس کے نمائندے کو بتایا کہ کابینہ نے طے کیا ہے کہ مقررہ قواعد و ضوابط کے برخلاف اسپورٹس پروگرام کرنے پر 3سزائیں دی جائیں گی۔ عارضی طور پر پروگرام معطل کردیا جائیگا۔ اجازت نامہ منسوخ کردیا جائیگا۔ 50ہزار ریال کا جرمانہ ہوگا۔ اسپورٹس اتھارٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ خلاف ورزیوں کی درجہ بندی کرے۔ ایک سے زیادہ بار خلاف ورزی کی الگ سزا مقرر کرے۔ سعودی کابینہ نے 9قراردادیں بھی جاری کیں۔ کوریا کیساتھ وزٹ ویزوں کی کارروائی سے متعلق مفاہمتی یادداشت ، انڈونیشیا کے ساتھ فضائی معاہدے میں ترمیم، امارات کے ساتھ سیکیورٹی کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت ، فرانس کیساتھ ا کیڈمک تعاون ، کی منظوریاں دیں۔ کابینہ نے سعودی جیولوجیکل سروے بورڈکی مجلس انتظامیہ کے ارکان کی رکنیت کی تجدید کی۔ متعدد تقرریاں کیں۔ اجلاس کے آغاز میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ا مریکی وزیر خارجہ کے ساتھ مذاکرات کے نتائج سے کابینہ کو آگاہ کیا۔کابینہ نے پیٹرول اور گیس سے متعلق سعودی عرب کے محفوظ ذخائر کی بابت وزیر توانائی کے بیان پر مسرت کا اظہار کیا۔